لورالائی میں گزشتہ روز ڈی آئی جی کے دفتر پر ہونے والے دہشت گردوں کے حملے کی تحقیقات کرنے کے لیے سی ٹی ڈی کی ٹیم لورالائی پہنچ گئی۔
سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی کی ٹیم میں فرانزک کے ماہرین بھی شامل ہیں،جنہوں نے تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ شواہد بھی جمع کیے جا رہے ہیں۔
ادھر لورالائی اور قلعہ سیف اللہ میں گزشتہ روز کے دہشت گردی کے واقعے کے خلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جا رہی ہے۔
دونوں شہروں کے تمام تعلیمی ادارے، بازار، مارکیٹیں اور تجارتی مراکز بند ہیں،جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معمول سے کم ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز دوپہر کے وقت لورالائی میں ڈی آئی جی پولیس کے دفتر پر دہشت گرد حملے، فائرنگ اور دھماکے کے نتیجے میں پولیس ملازمین اور اہلکاروں سمیت 9 افراد جاں بحق ہوگئے تھے،واقعے میں اہلکاروں سمیت 21 افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔