کابل(این این آئی)پیپلزپارٹی کی رکن قومی اسمبلی شازیہ مری کیساتھ کابل کے حامد کرزئی بین الاقوامی ہوائی اڈے پرافغان امیگریشن حکام نے بدسلوکی کرتے ہوئے انہیں 25منٹ تک روکے رکھا، شازیہ مری اس ہفتے کابل میں پاکستان اورافغانستان کے غیرحکومتی ڈائیلاگ میں شرکت کیلئے کابل گئی تھیں اورانہیں اس واقعہ کاسامنا کرناپڑا۔شازیہ مری نے مذاکرات کے شرکاء کو بتایا کہ انہوں نے امیگریشن حکام کو سرکاری پاسپورٹ بھی دکھایا لیکن انہیں بلاجواز اس بہانے روکے رکھا گیا کہ ان کاویزا درست نہیں اور یہ کہ ہاتھ سے ملٹی انٹری لکھا گیا ہے ۔شازیہ مری نے کہاکہ انہوں نے امیگریشن حکام کوبتایا کہ ان کے پاس قانونی ڈبل انٹری ویزا ہے اور ہاتھ سے لکھائی ان کی نہیں بلکہ اسلام آباد میں افغان سفارتخانے کے ویزا سیکشن کی غلطی ہے ۔انہوں نے کہاکہ جس وقت افغان حکام نے انہیں ایئرپورٹ پربلاجوازروکاتھا اسی دوران ایک بھارتی شہری کودومنٹ میں جانے کی اجازت دی گئی حالانکہ ان کے پاس پارلیمنٹ ممبر ہونے کی حیثیت سے سرکاری پاسپورٹ تھا انہوں نے یہ بھی کہاکہ ایک خاتون رکن قومی اسمبلی کو بلاجواز روکنا درست نہیں تھا۔شازیہ مری کوایئرپورٹ سے اس وقت پروگرام میں جانے دیاجب منتظمین میں سے ایک ایئرپورٹ پران کولینے آیا۔ڈائیلاگ میں شریک ایک افغان سابق سفارتکاراحمدسعیدی نے اس واقعہ پرمعذرت کی تاہم پاکستانی وفد نے افغان نائب وزیرخارجہ حکمت کرزئی کے ساتھ ملاقات کے دوران یہ مسئلہ نہیں اٹھایا۔