کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے سکھر میں ترقیاتی منصوبوں میںکرپشن اور اسسٹنٹ کمشنر کے خلاف نیب انکوائری ختم کرنے کی رپورٹ منظور کرلی۔ چیف جسٹس احمد علی ایم شیخ نے ریماکس دیئے کہ نیب نے ادارے کو کیوں مذاق بنایا ہوا ہے۔نیب تین تین سال انکوائریاں کرتاہے اورچوتھے سال کہتاہے ملزم مطلوب ہی نہیں‘نیب کے تفتیشی افسران کوئی دودھ کے دھلے ہوئے نہیں۔ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں جسٹس عمر سیال پر مشتمل ڈویژن بینچ کے روبرو سکھر میں ترقیاتی منصو بو ںمیںکرپشن اور اسسٹنٹ کمشنر کے خلاف نیب انکوائری سے متعلق سماعت ہوئی۔