ہالی ووڈ کی مشہور اداکار ہ جیسیکا البا 28 اپریل 1981ء کو امریکا میں پیدا ہوئیں۔ صرف13سال کی عمر میں انھوں نے اداکاری کا آغاز کیالیکن انھیں شہرت19 سال کی عمر میں2000 سے2002 کے درمیان ٹیلی کاسٹ ہونے والی ٹی وی سیریز ’’ ڈارک اینجل ‘‘ سےملی، اس میں بہترین اداکاری پر انھیں گولڈن گلوب ایوارڈ کی نامزدگی بھی حاصل ہوئی۔ جیسیکا کی مشہور فلموں میں ’ہنی (2003)، سِن سٹی، فنٹاسٹک فور اور اِن ٹو دا بلو(2005) شامل ہیں۔ وہ بہت سے ایوارڈز اور اعزازات اپنے نام کر چکی ہیں۔
جِلد کا خاص خیال
جیسیکا اپنی خوبصورتی کا سہرا اپنی والدہ کو دیتی ہیں۔ ان کی والدہ نے انھیں بچپن سے ہی چہرےکی اہمیت کا احساس دلایا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ چہرہ ہی سب کچھ ہے اور ان کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے وہ سن اسکرین کا استعمال ہمیشہ کرتی ہیں۔ جیسیکا اپنی ماں کے اس مشورے پر چلتی ہیں کہ کپڑے برانڈڈ ہوں یا نہ ہوں میک اپ پراڈکٹس ضرور معیاری ہونی چاہئیں کیونکہ یہاں معاملہ جلد کا ہے۔
جیسیکا کی ہیلتھ روٹین
ہر ہالی ووڈ سیلیبرٹی کی طرح جیسیکاکو بھی فٹ رہنے کے لیے جتن کرنے پڑتے ہیں تاکہ ان کا کیریئر ہموار طریقے سے چلتا رہے، اسی لئے انہوں نے اپنے معمولات زندگی کو مختلف حصوں میں تقسیم کیا ہوا ہے۔
صبح کی ورزش
جیسیکا بتاتی ہیں کہ ’’میں علی الصبح یوگا کلاسز لیتی ہوںاور فٹ رہنے کے لیے اپنی نیند کی قربانی دیتی ہوں، مجھے صبح سوا پانچ بجے بیدار ہونا پڑتاہے، الارم بجنے کےبعد میں تیز کافی پیتی ہوں۔ اس کے بعد یوگا اسکلپٹ کرتی ہوں، جو جسمانی ورزش اور اسٹریچ والے روایتی یوگا کا امتزاج ہے۔ یوگا کرتے ہوئے میں میوزک سنتی ہوں، جسے مجھے بہت مزہ آتاہے ‘‘۔
جیسیکا کے لیے یہ ورزش جسمانی سے زیادہ ذہنی فوائد کا باعث ہے کیونکہ اس سے جسم ہی نہیں بلکہ دماغ بھی بیدار ہوکرہر قسم کا کام کرنے کے لیے تیار ہوجاتاہےاور زندگی متوازن ہوجاتی ہے۔ جیسیکا کا کہنا ہے کہ ’’جوںجوں میری عمر بڑھ رہی تھی اور خاص طورپر ماںبننے کے بعد صحت مند اور فٹ رہنا میرے لیے ایک چیلنج تھا۔ میرے لیے پرفیکٹ ہونےسے اہم ہے کہ متوازن سوچ اپنائی جائے۔ ‘‘
دوستوں کےساتھ ورک آئو ٹ
جیسیکا دوستوں کےساتھ صرف گھومتی پھرتی ہی نہیں بلکہ ورزش بھی کرتی ہیں، وہ ان کی خامیاں بتاتے اور رہنمائی کرتے رہتے ہیں۔ جیسیکا گروپ کلاسز لیتی ہیں اور دوستوں کے ساتھ سخت قسم کی ورزش کرتی ہیں جس میں دوست ان کی مدد کرتے ہیں۔
ڈائٹ پر توجہ
جب وہ دُبلی ہورہی تھیں تو تب بھی انھوں نے ورزش نہیں چھوڑی البتہ ڈائٹ پر خصوصی دھیان دیا۔ وہ گلیٹن والی، ڈیری، تلی ہوئی اشیااور پروسیسڈ فوڈ نہیں کھاتیں۔ وہ کوشش کرتی ہیں کہ اپنی خوراک میں میٹھی اور نشاستے والی اشیا کم جبکہ پروٹین اور سبزیاں زیادہ استعمال کریں۔ لیکن جب ان کا بہت دل چاہتاہے تو تھوڑا بہت میٹھاچکھ لیتی ہیں تاکہ طلب پوری کرسکیں، میٹھا کھانے کا دل چاہے تو اسٹرابیری کیک ان کا پسندیدہ میٹھا ہے۔ پاپ کارن کھانا بھی جیسیکا کی عادت میں شامل ہے۔
الرجی نےبنایا بزنس وومن
ہالی ووڈ اداکارہ جیسیکا البا، جن کی کمپنی کے اثاثوں کی مالیت اس وقت ایک ارب ڈالر سے زائد ہے، بتاتی ہیں کہ اس کمپنی کی بنیاد دراصل ایک الرجی بنی۔ سات برس قبل جب جیسیکا ماں بننےوالی تھیں اور اپنے ہونے والے بچے کے لیے شاپنگ میں مصروف تھیں تو ایک معروف برانڈ کے بے بی پرفیوم سے انہیں الرجی ہوگئی۔ اس کے بعد انہوں نے قدرتی اجزاء سے تیار کردہ پراڈکٹس کی تلاش شروع کی، جس میں انہیں ناکامی ہوئی۔ آخر کار جیسیکا نے اپنی کمپنی بنانے کا فیصلہ کیا اور شوبز سے وابستہ ان کے ساتھیوں نے انہیں مشورہ دیا کہ انہیں کوئی پرفیوم متعارف کرانا چاہیے یا پھر کسی کاسمیٹک برانڈ کی ایمبیسڈر بننے پر غور کرنا چاہیے۔ جیسیکا نے ان مشوروں کو رد کردیا اور آخر کار2011ء میں ’’ دی آنیسٹ کمپنی‘‘ کی بنیاد رکھی۔
15لاکھ ڈالر کی تصویر
ذرائع ابلاغ کے اس دور میں مشہور اداکاروں سے متعلق معمولی سے معمولی بات یا ان کے ساتھ پیش آنے والا چھوٹا سا واقعہ بھی بڑی خبر بن جاتا ہے اور ہر خبر کی ایک قیمت ہوتی ہے۔ اسی لیے ہالی ووڈ کے کسی فنکار کی خاص تصویر یا واقعے کی ویڈیو اگر کسی کے ہاتھ لگ جائے تو وہ اس کا زبردست مالی فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ فلم اسٹارز خود بھی میڈیا کے اس جنون سے واقف ہیں اور اس کافائدہ اٹھاتے ہوئے جیسیکا البا نے اوکے میگزین سے اپنی بچی کی تصویر شائع کرنے کا معاوضہ لیا۔ جیسیکا البا اور کیش وارن کے ہاں2008ء میں بیٹی پیدا ہوئی تھی، جس کا نام انہوں نے نرمیری وارن رکھا۔ اس جوڑے نے مبینہ طور پر اپنی بچی کی تصویر کی قیمت15 لاکھ ڈالر وصول کی۔