بالی ووڈ کی آنجہانی اداکارہ سری دیوی کی بیٹی جھانوی کپور کی پہلی ہی فلم ’دھڑک‘ نے دنیا بھر سے100کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کیا اور ان کی فلم کی کامیابی نے دیگر اداکاراؤں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔جھانوی کی پہلی فلم ’دھڑک‘ 20 جولائی کو ریلیز ہوئی اور اس نے پہلے ہی دن ساڑھے8کروڑ روپے کماکر نیا ریکارڈ بنایا۔ اس طرح بالی ووڈ میں نئے اداکاروں کے ساتھ پہلے ہی دن ریکارڈ کمائی کرنے والی یہ پہلی فلم بن گئی ہے۔ فلمی تجزیہ نگار، پروڈیوسرز، ڈائریکٹرز اور اداکار اس کے فلم ذریعے کیریئر کا آغاز کرنے والی جھانوی کپور کی تعریفیں کر رہے ہیں جبکہ جھانوی کپور فلحال خود کو اسٹار نہیں سمجھتیں بلکہ وہ اس وقت اداکاری سیکھنے کے مراحل سے گزر رہی ہیں ۔فلم پروڈیوسر کے مطابق اگرچہ سری دیوی اپنی بیٹی جھانوی کی اداکاری کے حوالے سے پریشان تھیں تاہم ساتھ ہی وہ انہیں اداکاری کے لیے تیار بھی کر رہی تھیں، کیوں کہ انہیں اندازہ تھا کہ شوبز کے لوگ دونوں ماں اور بیٹی کی اداکاری کاموازنہ کریں گے۔
جھانوی کپور اور سری دیوی کی اداکاری کے حوالے سے شبانہ اعظمی کا کہنا ہے کہ اگرچہ دونوں کی اداکاری میں کئی چیزیں ایک جیسی ہیں، تاہم جھانوی اپنی ماں سے قدرے مختلف اداکارہ ہے۔ تاہم متعدد فلم سازوں اور فلمی تجزیہ نگاروں نے بھی جھانوی کپور کو اپنی والدہ سے بہتر اداکارہ قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ بڑی اداکارہ کی بیٹی اسی طرح اپنے کیریئر کو آگے بڑھائے گی۔
جھانوی چونکہ اس خاندان سے ہیں، جس میں بڑے بڑے نامور اداکار ،ہدایت کار اور فلم ساز ہیں ، اس لیے اسٹار کڈ جھانوی کیلئے بڑی بجٹ کی فلمیں اور کردار حاصل کرنا چنداں مشکل نہیں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بونی کپور جھانوی کپور کو ایک انتہائی بولڈ اور گلیمر س کردار میں کاسٹ کرنے کا سوچ رہے ہیںاور ہوم پروڈکشن کے تحت بننے والی فلم میں مس کپور کا کردار ان کی فلم ’دھڑک‘ سے نہ صرف مختلف ہوگا بلکہ ان کی والدہ کی کامیاب ترین فلم مسٹر انڈیا میں ان کے کردار سے بھی بہتر ہوگا۔
اداکارہ جھانوی کپور ووگ انڈیا میگزین کے جون کے شمارے کے سرورق کی زینت بھی بن چکی ہیں جس میں انہوں نے فلورل لباس کے ساتھ کانوں میں بندے پہنے اور بال کھلے رکھے ہیں، جس میں وہ بہت خوبصورت دکھائی دے رہی ہیں۔جھانوی کپور نے اپنے ایک انٹرویو میں کہاکہ ماں کا خیال تھا کہ فلموں کے لئے میری جِلد زیادہ اچھی نہیں ہے اور میں بہت سادہ اور بھولی بھالی ہوں، جس کے باعث وہ کبھی نہیں چاہتی تھیں کہ میں اداکارہ بنوں بلکہ خوشی فلموں میں آئے، وہ ہماری آرام دہ زندگی کی خواہش مند تھیں۔ انہوں نے کہا کہ میں بچوں کی طرح ان کے ساتھ ہمیشہ رہتی تھی، جب میں جاگتی تھی تو سب سے پہلے ان کا پوچھتی اور جب سوتی تو مجھے ان کی ضرورت پڑتی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران جھانوی نے اعتراف کیا کہ انہوں نے صرف ہائی اسکول پاس کیا ہے اور کبھی کالج کی شکل بھی نہیں دیکھی۔دلچسپ بات یہ تھی کہ ان کا انٹرویو ایک کلاس روم میں لیا گیا،اسکول کا ماحول دیکھ کر جھانوی تھوڑی پریشان نظر آئیں اور کہا ایسا لگ رہا ہے جیسے میں امتحان دینے آئی ہوں۔
جھانوی کپور کی آنکھوں کی چمک اور خود کو ثابت کرنے کی تڑپ ظاہر کرتی ہے کہ چکاچوند کردینے والی فلمی دنیا میں وہ بہت کچھ ثابت کرسکتی ہے، لاکھوں دلوں کی دھڑکن بن سکتی ہے۔اس بات کا ثبوت سوشل میڈیا پر اس کےبے شمار پرستار ہیں ۔ جھانوی کو راتوں رات شہرت مل چکی ہے،اب صرف دیکھنا یہ ہے کہ شہرت کے گھوڑے پر سوار و ہ اس کی لگامیں کب تک تھامے رہتی ہے کیونکہ فلمی دنیا بہت ظالم اور بے وفا ہے،یہاں کئی اسٹار کڈز آئے اور اپنی پہلی فلم کو آخری بنا کر پردہ سیمیں سے غائب ہوگئے ۔ آپ کو یہ بھی بتاتے چلیں کہ جھانوی کپور2020ء میں فلم ’’ تخت‘‘ میں جلوہ گر ہونے جارہی ہیں۔