علم نجوم میں دائرۃ البروج کے 300سے 330 درجات پر مشمل حصہ، برج دلو (Aquarius) کہلاتا ہے۔ فطری ترتیب کے لحاظ سے یہ گیارھواں برج ہے۔ شمس تقریباً 21جنوری سے 18فروری تک اس برج میں گردش کرتا ہے۔
برج دلو کا حاکم سیارہ زحل(Saturn)، ماہئیت ثابت، نشان یا علامت مشکیزہ بردار، عنصر یا مادہ باد (ہوا)، جنس مذکر، خوش بختی کا عدد 4، خوش بختی کا دن ہفتہ، خوش بخت بروج جوزاورمیزان ہیں جبکہ درس و تدریس، صحافت، بحریہ، چاندی/ دھات کا کاروبار یا دیارِ غیر میں نوکری موافق پیشے ہیں۔
برج دلو کے تحت پیدا ہونے والے افراد بنیادی طور پر تعمیری اچھائی رکھنے والے، بنی نوع انسان کو فائدہ پہنچانے والے، فرسودہ نظام کو بدلنے والے، ترقی پسند، نئی اقدار کے حامل، نرم مزاج اور مشفقانہ انداز کے مالک ہوتے ہیں۔
دلو کے منفی پہلوؤں میں متلون مزاجی، سرکشی اور باغیانہ رویہ نمایاں ہیں۔
شخصیت کا جائزہ
اس برج سے تعلق رکھنے والے افراد فطرتاً بہت آزاد ہوتے ہیں۔ وہ کسی قسم کی پابندی کے سخت مخالف ہوتے ہیں۔ اسی سبب وہ اجتماعی طور پر کام کرنے کے بجائے انفرادی کام کرنا زیادہ پسند کرتے ہیں ۔ وہ نت نئے تجربات کرنا بہت پسند کرتے ہیں، نئی نئی چیزیں بنانا اور نئی اختراعات کرنا ان کا پسندیدہ مشغلہ ہوتا ہے ۔ اسی وجہ سے وہ ان لوگوں کے ساتھ تعلق بنانا پسند کرتے ہیں، جو اس قسم کے تجربات میں ان کا ساتھ دے سکیں ۔
ہم فطرت لوگوں کے علاوہ یہ دوسرے لوگوں سے جلد گھلنے ملنے والے نہیں ہوتے، لہٰذا ان سے مل کر بظاہر یہ تاثر اجاگر ہوتا ہے کہ یہ لوگ آدم بیزار یا تنہائی پسند ہیںمگر اپنے آپ میں مگن یہ لوگ جب دوست یا اپنے ہم مزاج لوگوں میں ہوتے ہیں تو شمع محفل ہوتے ہیں۔
دانش تیمور
دانش تیمور کی تاریخِ پیدائش 16فروری ہےاور اس سال وہ 36سال کے ہوجائیں گے۔ دانش تیمور نے ماڈلنگ کے بعد ٹیلی ویژن اور فلم میں بھی اپنی صلاحیتوں کو تسلیم کروایا ہے اور ان کا شمار نوجوان نسل کے چند پسندیدہ ترین ہیروز میں کیا جاتا ہے۔انھوں نے کئی فلموں میں مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ انھوں نے 2005ء میں ڈراموں میں اداکاری کا آغاز کیا، جس کے بعد وہ دو درجن سے زائد ڈراموں میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دِکھا چکے ہیں۔
دانش تیمور نے 2014ء میں اداکارہ عائزہ خان سے شادی کی۔ 2015ء میں ان کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی، جس کا نام حورین ہے۔ 2017ء میں ان کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی، بیٹے کا نام ریان رکھا گیا ہے۔ دانش تیمور اور عائزہ خان کا شمار پاکستان شوبز انڈسٹری کے چند انتہائی خوبصورت اور گلیمرس جوڑوں میں ہوتا ہے۔ فلم اور ٹیلی ویژن کے علاوہ سوشل میڈیا پر بھی ان کے فالورز کی تعداد لاکھوں میں ہے۔
ابھیشک بچن
5فروری1976ء کو پیدا ہونے والے ابھیشک بچن، اس سال اپنی 43 ویں سالگرہ منائیں گے۔ 2000ء میں فلم ’رِفیوجی‘ میں کرینہ کپور کے ساتھ ڈیبو کرنے والے ابھیشک بچن ابھی تک کئی فلموں میں جلوہ گر ہوچکے ہیں۔ ’دھوم‘ ابھیشک کی کامیاب ترین فلم فرنچائز ہے۔ دھوم سیریز کی فلموں کا شمار ہندی سنیما کی چند انتہائی کامیاب ترین فلموں میں ہوتا ہے۔
2007ء میں ابھیشک بچن نے ایشوریہ رائے سے شادی کی اور دونوں کی ایک بیٹی ہے۔ ممبئی میں اسکولنگ کے بعد انھوں نے کالج کی تعلیم سوئٹزرلینڈ کے Aiglon College (بورڈنگ) سے مکمل کی۔کالج کے بعد وہ بوسٹن یونیورسٹی میں بھی زیرِ تعلیم رہے، تاہم وہاں وہ اپنی ڈگری مکمل نہ کرسکے اور بالی ووڈ فلم انڈسٹری کو جوائن کرلیا۔
اوپرا وِنفری
29جنوری 1954ء کو امریکی ریاست مسیسپی میں پیدا ہونے والی اوپرا ونفری اس سال29جنوری کو اپنی 65ویں سالگرہ منائیں۔ اوپرا وِنفری امریکی میڈیا ایگزیکٹو، اداکارہ، ٹاک شو میزبان، ٹیلی ویژن پروڈیوسر، مصنفہ اور انسان دوست شخصیت ہیں۔ ان کے ٹیلی ویژن شو The Oprah Winfrey Showکا شمار امریکا کی تاریخ کے چند کامیاب ترین ٹیلی ویژن شوز میں ہوتا ہے۔
اوپرا وِنفری کی زندگی ہمت، حوصلے اور کٹھن حالات کا مقابلہ کرکے کامیابیوں کی بلندیوں کو چھونے کی داستان ہے۔ انھوں نے ایک پسماندہ گھرانے میں آنکھ کھولی۔ اس کے بعد انھوں نے زندگی کے کٹھن حالات کا مقابلہ کرتے ہوئے جس ہمت اور بہادری سے بادِ مخالف کو اپنے حق میں تبدیل کیا، یہ ایک دل کو پگھلادینے والی اور زندگی کو نیا حوصلہ دینے والی داستان ہے۔
2013ء میں سابق امریکی صدر بارک اوباما نے انھیں Presidential Medal of Freedom ایوارڈ سے نوازا جبکہ ہارورڈ اور ڈیوک یونیورسٹی کی جانب سے انھیں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگریاں بھی دی گئی ہیں۔