• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جمہوری نظام نہیں زرداری، بلاول کی حرام کی کمائی خطرے میں ہے، فیاض چوہان

 لاہور(خصوصی نمائندہ،خصوصی رپورٹر)صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کے گزشتہ 6 ماہ کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے ایک دفعہ بھی صدارتی نظام کے نفاذ یا 18 ویں ترمیم کے خاتمے کی بات نہیں کی، پتہ نہیں زرداری اور ا کے بیٹے کو کہا ں سے ہر روز الہام ہو جاتا ہے کہ جمہوری نظام خطرے میں ہے،جمہوری نظام نہیں بلکہ دونوں باپ بیٹے کی حرام کی کمائی خطرے میں ہے، ان کو خوب معلوم ہے کہ دو مہینے بعد جے آئی ٹی کا فیصلہ ان کے خلاف آنے والا ہے۔ گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلاول کا لب و لہجہ ، اُٹھنا بیٹھنا، بولنا اور سٹائل دیکھ کر پوری قوم ہنستی ہے۔ جسے اُردو بولنا اور طریقے سے ملنا جلنا نہیں آتا وہ عثمان بزدار پر تنقید کر رہا ہے۔یہ لوگ عثمان بزدار پر تنقید صرف اس وجہ سے کرتے ہیں کہ جس صوبے کو 1200 ارب کا مقروض شہباز شریف چھوڑ کر گئے تھے ۔ اربوں روپے کی سرکاری زمین پہلے تین مہینوں میں عثمان بزدار نے واگزار کر وا دی ہے۔ کیا مراد علی شاہ کی سلیکشن صرف اس وجہ سے کی گئی کہ وہ منی لانڈرنگ میں مدد کرتے تھے۔ سردار عثمان بزدار کم از کم بددیانت اورکرپٹ نہیں ہیں وہ اس ملک ، قوم اور صوبہ پنجاب کا پیسہ لوٹنے والے نہیں ہیں۔ وہ صوبہ پنجاب کا ڈوبا ہوا اربوں کھربوں روپیہ واپس لے کر آرہے ہیں۔ فیاض چوہان نےجرنلسٹس سپورٹ فنڈ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کمیٹی کی میٹنگ ماہانہ بنیادوں پر ہونی چاہیے تاکہ ضرورتمند صحافیوں کی بروقت امداد کی جاسکے۔ جرنلسٹس سپورٹ فنڈ کسی ایک ضلع کے لیے نہیں ہے بلکہ یہ پورے صوبے کے صحافیوں کے لیے ہے ا ور پنجاب بھرکے صحافی اس کے اہل ہیں۔ امداد کی تقسیم برابر اور شفاف ہو گی۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے آصف زرداری کی لوٹ مار اور کرپشن نے ذوالفقار علی بھٹو کی پارٹی کا جنازہ نکال دیا ہے ، بلاول کو سندھ میں نجی ہسپتال کا کریڈٹ لیتے ہوئے شرم آنی چاہئے، تحریک انصاف کی حکومت ہی سندھ کے عوام کوانکا حق پہنچائے گی، بلاول کی تقریر پر پارٹی ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا بلاول کولکھی ہوئی تقریر میں الفاظ کے مطلب تک نہیں آتے ، زرداری کی لوٹ مار اورکرپشن نے پیپلز پارٹی کے نظرئیے کی دھجیاں اڑا دی ہیں، بلاول شائد اس حقیقت سے واقف نہیں کہ ایوب خان وہی ہیں جنہیں بھٹو ڈیڈی کہا کرتے تھے، پیپلز پارٹی وزیر اعظم عمران خان کے وژن سے خو فزدہ ہے، وزیر اعظم صرف گھوٹکی نہیں پورے سندھ کو پیپلز پارٹی سے بچائینگے، ملکی معیشت تباہ کرنے میں ستر کی دہائی سے پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا، بلاول والد کی کرپشن بچانے کیلئے بے بنیاد واویلا کر رہے ہیں، وزیر اعظم کے سندھ پیکج سے ترقی و خوشحالی کے دور کا آغاز ہو گا۔
تازہ ترین