• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دوسرا ٹی 20: جنوبی افریقا کا پاکستان کو 189رنز کاہدف

جنوبی افریقا نے دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان کو جیت کےلئے 189رنز کا ہدف دے دیا۔

جوہانسبرگ میں کھیلے جارہے میچ میں جنوبی افریقا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20اووز میں 3وکٹ پر 188 رنز بنائے۔

جنوبی افریقی اننگز کی خاص بات کپتان ڈیوڈ ملر کی ناقابل شکست 65رنز کی اننگز رہی ،ساتھ ہی ڈوسن 45،میلان 33 اور ریضا ہینڈرکس 28رنز کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے ۔

پاکستان کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کو بیٹنگ کی دعوت دی تو ریضا ہینڈرکس اور جی مان میلان نے اننگز کا آغاز کیا ۔

دونوں بیٹسمینوں نے پاکستانی بولنگ کو انتہائی پراعتماد انداز سے کھیلا اور پہلی وکٹ پر 58رنز کی شراکت قائم کی ،اپنا پہلا میچ کھیل رہے ،میلان کو 33 کے انفرادی اسکور پر عماد وسیم نے وکٹ کیپر محمد رضوان کی مدد سے قابو کرلیا۔

پاکستان کو دوسری وکٹ 90 کے اسکور پر ملی ،دوسرے اوپنر ریضا ہینڈرکس3 چوکوں کی مدد سے 28رنز بناکر رن آوٹ ہوگئے ۔

جنوبی افریقا کی تیسری وکٹ 126 کے اسکور پر گرگئی ،شاہین شاہ آفریدی نے 4 چھکوں کی مدد سے 45 رنز بنانے والے ڈوسن کو عماد وسیم کی مدد سے قابو کرلیا۔

چوتھی وکٹ پر کپتان ڈیوڈ ملر نے کلاسن کے ساتھ مل کر ناقابل شکست 62 رنز کی شراکت قائم کی اور آخری اوورمیں 27رنز بٹورے۔

میچ کے دوران ایک موقع پر بارش ہوئی اور تھوڑی دیر کےلئے کھیل متاثرہوا ۔پاکستان کی طرف سے شاہین آفریدی اور عماد وسیم نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی ۔

دونوں ٹیموں کے درمیان یہ سیریز کا دوسرا میچ ہے ،اس سے قبل ہونے والے میچ میں جنوبی افریقانے پاکستا ن کو 6 رنز سے شکست دی تھی اور سیریز میں 1۔0 کی برتری حاصل کرلی ۔


تازہ ترین