• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیڈریشن کی مالی مشکلات، سپر ہاکی لیگ متاثر ہونے کا خدشہ

کراچی ( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے پہلی پاکستان سپر ہاکی لیگ میں مالی مشکلات کی وجہ سے ٹیموں کی تعداد کم کرنے پر غور شروع کردیا ہے، پی ایچ ایف نے اگلے ماہ کے تیسرے ہفتے میں لیگ کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ ابتدائی طور پر لیگ میں چھ ٹیموں کو رکھنے کا فیصلہ تھاتاہم حکومت کی جانب سے تاحالپی ایچ ایف کوئی مثبت اشارے نہیںملے ہیںجس کی وجہ سے فرنچائز کی خریداری میں تجارتی اداروں اور شخصیات کی جانب سے بھی حوصلہ افزاء رسپانس سامنے نہیں آیا ہے جس کی وجہ سے فیڈریشن کی پریشانی میں اضافہ ہورہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہم ہر حال میں اس لیگ کو آئندہ ماہ کرانے کے خواہش مند ہیں۔ تاہم مالی مشکلات کے باعث ٹیموں کی تعداد چھ کے بجائے چار کی جاسکتی ہے جس سے میچوں کی تعداد میں کمی کی جائےگی۔پی ایچ ایف حکام رواں ماہ اپنے بورڈ اور ایگزیکیٹو کمیٹی کے اجلاس میں اس حوالے سے منظوری لیں گے، جبکہ مختلف امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ دریں اثنا پی ایچ ایف کے حکام نے میڈیا کی تنقید کے بعد بعض سابق اولمپئنزکو میڈیا سے تعلقات بہتر بنانے کا ٹاسک بھی دیا ہے تاکہ بڑھتے ہوئے دبائو کو کم کیا جاسکے۔

تازہ ترین