• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’نواز شریف کی رپورٹس کلیئر، ہارٹ اٹیک نہیں ہوا‘‘

سروسز اسپتال کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی بلڈ ٹیسٹ سمیت ای سی جی اور یورک ایسڈ کی بھی تمام رپورٹس کلیئر آ ئی ہیں، انہیں ہارٹ اٹیک نہیں ہوا۔

العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس میں نواز شریف کو 7 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی اور وہ کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں، جہاں سے ڈاکٹروں کے مشورے پر انہیں علاج کے لیے سروسز اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق نواز شریف کے خون کے نمونے ٹروپ آئی ٹیسٹ کے لیے پی آئی سی بھیجے گئے تھے، جہاں ان کےدل کا ٹروپ آئی ٹیسٹ نیگیٹو آگیا ہے، جس کا مطلب ہے کہ نواز شریف کو ہارٹ اٹیک نہیں ہوا۔

سروسز اسپتال کے ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اس سے قبل جناح اسپتال کے بورڈ کی جانب سے کیا گیا ٹروپ آئی ٹیسٹ پازیٹو آیا تھا۔

علاوہ ازیں سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردارایازصادق اور نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان سروسز اسپتال پہنچ گئے۔

ایاز صادق نوازشریف سے ملاقات کریں گے جبکہ ڈاکٹر عدنان ان کی صحت کے متعلق ڈاکٹروں سے صورت حال معلوم کریں گے۔

ذرائع کے مطابق مریم نوازشریف آج بھی اپنے والد کی عیادت کے لیے سروسز اسپتال آئیں گی،ان کے ساتھ خاندان کے دیگر افراد بھی ہوں گے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ مریم نواز ڈاکٹرز سے نواز شریف کی صحت کے بارے میں بھی دریافت کریں گی۔

تازہ ترین