لاہور(نمائندہ جنگ)سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلزپارٹی کے وائس چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی کو لاہور ائیر پورٹ پر بنکاک روانگی سے روک لیا گیا، ان کا نام ای سی ایل لسٹ میں شامل تھا۔ یوسف رضا گیلانی منگل کی رات ساڑھے 10بجے علامہ اقبال ائیر پورٹ لاہور پہنچے جہاں انھوں نے تھائی ائیر کی فلائٹ ٹی جی 345کے ذریعے پونے 12 بجے بنکاک روانہ ہو نا تھا، لاہور ائیر پورٹ بین الاقوامی روانگی گیٹ سے انھیں اندر داخل ہونے دیا گیا تاہم ایف آئی اے حکام نے انھیں امیگریشن کائونٹر پر روک لیا اور بتایا کہ ان کانام ای سی ایل لسٹ میں شامل ہے جس وجہ سے ان کی بیرون ملک سفر پر پابندی عائد ہے۔ یوسف رضا گیلانی بعد ازاں خاموشی سے واپس ڈیفنس سوسائٹی اپنے گھر روانہ ہو گئے ۔پنجاب اسمبلی میں پیپلزپارٹی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر اور یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حید ر گیلانی نے بتایا کہ ان کے والد جنوبی کوریا میں سیول ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس میں بطور مہمان خصو صی مدعو تھے۔