بالی ووڈ کے نوجوان اداکار ورون دھون ان دنوں ادکارہ شردھا کپور کے ساتھ معروف کوریوگرافر وہدایت کار ریمو ڈیسوزا کی ڈانس فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔
اُن کی پہلی دونوں فلمیں ’اے بی سی ڈی‘ اور ’اے بی سی ڈی ٹو‘ کامیاب ثابت ہوئی تھی اور کہا جارہا تھا کہ تیسری فلم ’ای بی سی ڈی تھری‘ کے نام سے ہوگی تاہم اس بار فلم کے نام میں بڑی تبدیلی کی گئی ہے۔
بالی ووڈ کے تجزیہ کار ترن آدرش نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ ریمو ڈیسوزا کی فلم کا نام ’ ’اسٹریٹ ڈانسر‘ رکھا گیا ہے جب کہ فلم کے دو پوسٹر بھی جاری کردیے گئے ہیں جن میں مرکزی کردار میں دکھائی دینے والے ورون دھون اور شردھا کپور الگ الگ پوسٹر میں نظر آرہے ہیں۔
واضح رہے فلم ’اسٹریٹ ڈانسر‘ کے مرکزی کردار کے لیے کترینہ کیف کو آفر کی گئی تھی لیکن انہوں نے سلمان خان کے ساتھ فلم ’بھارت‘ میں مصروف ہونے کی وجہ سے فلم کرنے سے انکار کردیا تھا ۔
فلم رواں سال 8 نومبر کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔