سکھر(بیورو رپورٹ) سندھ پیپلزیوتھ اور سپاف شہید بھٹو ضلع سکھر کی جانب سے منشیات کی فروخت کو روکنے میں محکمہ ایکسائز کی ناکامی پر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور محکمہ ایکسائز کے افسران خاص طور پر کرائم برانچ کے افسران اور اہلکاروں کے خلاف نعرے بازی کی، مظاہرے کی قیادت ضلعی صدر یاسین احمد جتوئی، علی مراد مہر، معراج مہر، توقیر انصاری، انیس الرحمان ودیگر نے کی، مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں نے کہا کہ سکھر شہر کے مختلف علاقوں میں ایکسائز اہلکاروں کی سرپرستی میں منشیات کی فروخت جاری ہے، جس کی روک تھام کو یقینی بنانا پولیس اور محکمہ ایکسائز کی ذمہ داری ہے لیکن محکمہ ایکسائز کا کرائم برانچ مکمل طور پر غیر فعال ہے۔بلکہ محکمہ ایکسائز کے کرائم برانچ کے عملے کی آشرباد کے باعث شہر میں منشیات کی فروخت کا کام کیا جارہا ہے، محکمہ ایکسائز کے ڈائریکٹر اس کا کوئی نوٹس نہیں لیتے اور نہ ہی حکومت ایکسائز کے افسران واہلکاروں کے خلاف کوئی کارروائی کرتی ہے، مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پرمحکمہ ایکسائز کے افسران کو برطرف کیا جائے اور کرائم برانچ کو فعال بناتے ہوئے منشیات فروشی کی روک تھام کو یقینی بنایا جائے۔