• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی شادیوں کا سیزن شروع ہوجاتا ہے۔ گرمیوں کی نسبت، اس موسم میں نہ صرف شادی بیاہ کی تقریبا ت بلکہ عروسی ملبوسات کی مانگ اور قیمتوں میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے۔ شادی ایک ایسا دن ہے جس کے لیے ہر عورت خواہش کرتی ہے کہ وہ اس دن سب سے منفرد اور سب میں نمایاں نظر آئے، عروسی حسن کے ساتھ اس کی دلکش شخصیت رشتے داروں اور دوست احباب کے سامنے اس کا وقار مزید بلندکرسکے۔ دلہن تو دلہن، شادی میں شریک دیگر خواتین کی تیاریاں بھی عروج پر پہنچی ہوتی ہے۔ بازاروں کا رُخ کریں تو خواتین خوشنما رنگوں اور مشرقی ثقافت کی ترجمانی کرتے ملبوسات کی خریداری میں مگن نظرآتی ہیں۔ ڈیزائنرز بھی اس ضمن میں پیچھے نہیں رہتے، وہ نت نئے ڈیزائن اور اسٹائل شادیوں کا سیزن شروع ہونے سے قبل ہی مارکیٹوں میں متعارف کروادیتے ہیں۔ مختلف ورائٹی کی دستیابی کے باعث انتخاب کا مرحلہ خاصا مشکل ہوجاتا ہے۔ اس مرحلے کو آسان بنانے کے لیے آج ہم ذکر کررہے ہیں کچھ سیلیبرٹیز فیسٹو لُک کا، جو آپ کے لیے فیشن ایبل لباس کو منتخب کرنے کا مرحلہ قدرے آسان بنادے گا۔

سیلیبرٹیز میکسی لُک

دلہن کا لباس ہو یا دلہن کی کزنز کا، شادی اور ولیمے دونوں ہی تقریبات کے لیے میکسی کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ میکسی کسی بھی تقریب میں پہنی جائے، یہ پہننے والے کو ایک گلیمر لُک دیتی ہے لیکن سوال یہ ہے کہ میکسی سلوائی کیسی جائے ؟ میکسی کے لیے معروف سیلیبرٹیز کے میکسی اسٹائل کوفالو کیا جاسکتا ہے۔

٭پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی نئی نویلی دلہن اور بیوٹی کوئین ایمن خان کی ولیمے میں زیب تن کی گئی فل ایمبرائیڈڈ لانگ ٹیل میکسی کسی بھی تقریب کے لیے ایک بہترین انتخاب ثابت ہوسکتی ہے۔ ایمن خان نے اپنے ولیمے کے لیے سلور اسٹون کے کام والی پیچ کلر کی میکسی کا انتخاب کیا تھا۔

٭بالی ووڈ کی نئی نویلی دلہن پریانکا چوپڑا کی عیسائی مذہب کے تحت ہونے والی شادی میں زیب تن کی گئی میکسی بھی تاریخ رقم کرتی نظر آتی ہے۔ اس خاص دن کے لیے پریانکا نےبرطانوی ڈیزائنر کا تیار کردہ سفید رنگ کا 75فٹ لمبا گاؤن زیب تن کیا، اس گاؤن کو 20لاکھ جڑاؤ موتیوں سے ڈیزائن کیا گیا تھا۔

٭رواں برس سونم کپورکے استقبالیہ میں شرکت کے لیےایشوریہ رائے نے منیش ملہوترا کی ڈیزائن کردہ سفید میکسی زیب تن کی تھی۔ میکسی کے فیبرک کا بڑاسا دوپٹہ ایشوریہ کی خوبصورتی میں اضافہ کررہا تھا، آپ بھی اس اسٹائل کو فالو کرسکتی ہیں۔ جیولری کی بات کی جائےتو چاند بالی ایئر رنگ بھی میکسی کی چکا چوند میں اضافہ کررہے تھے۔ آپ بھی چاہیں تو اس طرح کی میکسی اور میچنگ جیولری کا انتخاب کر سکتی ہیں۔

سیلیبرٹیز لہنگا اسٹائل

لہنگے کے اسٹائل کو منتخب کرنا بھی کوئی آسان کام نہیں ہوتا۔ اگر آپ بھی عروسی لہنگوں کے انتخاب سے متعلق سوچ بچار میں مصروف ہیں تو گزشتہ برس کے مقبول سیلیبرٹیز ملبوسات پر توجہ دی جا سکتی ہے۔

٭دیپیکا کا اپنی شادی کے لیے منتخب کیا گیا سرخ لہنگا سوشل میڈیا پر ہر جگہ گردش کرتا رہا۔ اپنی زندگی کے خاص دن کے لیے دیپیکا نے سرخ رنگ کاروایتی لہنگا پہنا تھا، جس کے دوپٹے پر سنسکرت زبان میں ایک پیغام لکھا گیا تھا ’سدا سوبھا گیا وتی بھاوا‘ جس کا اردو میں مطلب ہے ’سدا سہاگن رہو‘۔

٭معروف اداکارہ انوشکا شرما اور کرکٹر ویرات کوہلی کی شادی میں نت نئے ٹرینڈز متعارف کروائے گئے۔ انوشکا نے عروسی لباس کے لیے سرخ کے بجائے ہلکے گلابی رنگ کا انتخاب کیا۔ ان کے عروسی لباس کو دیکھ کر شادی میں شریک افراد کے علاوہ سوشل میڈیا پر مداح ان کے اس انتخاب پر داد دیے بنا نہ رہ سکے ۔

٭عروسی لہنگوں کی بات کی جائے تو پریانکا کی شادی کے لہنگےکا چرچا بھی خاصا عام رہا۔ پریانکا نے جہاں عیسائی مذہب کے تحت ہونے والی شادی میں میکسی کا انتخاب کیا، وہیں ہندو مذہب کے تحت ہونے والی شادی کے لیےسرخ رنگ کا خوبصورت ایمبرائیڈڈ لہنگا پہنا۔ اس لہنگے کے ساتھ پریانکا نے ہیروں اور وائٹ گولڈ پر مشتمل خاصا مہنگا نیکلس پہنا تھا، جس نے اس لہنگے کی شان وشوکت میں مزید اضافہ کیا۔

سیلیبرٹیز غرارہ اسٹائل

غرارے کا انتخاب دلہنیں اور اس کی کزنز اکثر مایوں کی تقریب کے لیے کرتی ہیں لیکن رنگوں کا انتخاب انھیں مشکل میں ڈال دیتا ہے۔ اس سلسلے میں بھی سیلیبرٹیز کے اسٹائل کو کاپی کیا جاسکتا ہے۔

شوبز انڈسٹری کی مقبول اداکارہ عالیہ بھٹ کچھ عرصہ قبل لوکمٹ ایوارڈ شو کی تقریب کے لیے غرارہ اسٹائل منتخب کرچکی ہیں ۔معروف ڈیزائنر سباشجی کا ڈیزائن کردہ فل ہیوی ایمبرائیڈڈ غرارہ نہ صرف مہندی مایوں بلکہ بارات اور ولیمہ کی تقریبات کے لیے بھی آپ کا بہترین انتخاب بن سکتا ہے ۔

تازہ ترین