لاہور ( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نواز شریف کی صحت پر پنجاب حکومت کا سیاسی تماشا اور تضحیک آمیز رویہ شرمناک ہے،میاں صاحب کو ذہنی تکلیف پہنچا کر مخالفین جو سیاست کر رہے ہیں اس کا انہیں جواب دینا پڑے گا۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تین مرتبہ منتخب وزیر اعظم کی صحت پر سیاست کرنا گھٹیا پن کی انتہا اور مخالفین کی چھوٹی ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے،پنجاب حکومت بتائے کہ اس نے اپنے تشکیل کردہ میڈیکل بورڈز کی طبی تشخیص کے برعکس عمل کیوں کیا؟۔پنجاب حکومت نے اپنے بورڈز کی تجویز کیوں نہیں مانی اور میاں صاحب کو پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کیوں نہیں لیجایا گیا اورسروسز اسپتال کیوں لے جایا گیا؟، پھر چار دن کے بعد پی آئی سی میں جانے کا فیصلہ کیوں کیا گیا تھا؟، پنجاب حکومت کے سیاسی تماشے کا مقصد محمد نواز شریف کو ذہنی اذیت پہنچانا تھا۔