اسلام آباد(نمائندہ جنگ) وفاقی وزیر برائے مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ احسن اقبال نے شریف برادران سے ملکر 70ارب کی کرپشن کی ،ہم ایسی پالیسیاں اختیار کر رہے ہیں کہ آنے والے ادوار میں کوئی قوم کا پیسہ نہ لوٹ سکے گا، ہم نے قومی خزانہ کو 9ارب روپے کی بچت کرکے دی،پیپلز پارٹی کے دور میں بڑے بڑے منصوبوں کے فنڈز لاڑکانہ اور سکھر منتقل کئے گئے ۔جمعہ کو اسلام آباد میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مراد سعید نے اربوں روپے کی کرپشن کے سنگین الزامات کی چارج شیٹ پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ اُن کے پاس تمام الزامات کے شواہد موجود ہیں اور جو دستاویزات نیب کو درکا رہوئیں وہ فراہم کردیں گے، مراد سعید نے دعویٰ کیا کہ شریف برادران کے ساتھ مل کر احسن اقبال اور جاوید صادق نے ملتان سکھر موٹروے منصوبہ میں 70 ارب روپے کی کرپشن کی احسن اقبال نے وزیر پلاننگ ہوتے ہوئے وزیراعظم کے متبادل کے طور پر دستخط کئے، چین کی کنسٹرکشن کمپنی چائنہ سٹیٹ کو ٹھیکہ دلوانے کیلئے جاوید صادق نے احسن اقبال کی ملاقاتیں کمپنی حکام سے کرائیں اور مفادات حاصل کئے۔