• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشرف نے نیب کا ڈھانچہ نواز شریف سے انتقام کیلئے بنایا تھا، پرویز رشید

راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نیب کا موجودہ ڈھانچہ سابق صدر پرویز مشرف نے بنایا تھا اور اسکے قوانین نواز شریف کیخلاف بنائے گئے تھے تاکہ ان سے انتقام لیا جاسکے، سابق صدر نے اپنے دور آمریت میں ایم کیو ایم اور عمران خان کو بھی اپنے ساتھ ملایا ہوا تھا اس لئے جرائم میں شراکت پر مشرف کیساتھ عمران خان کیخلاف بھی تحقیقات ہونی چاہئے، ہم تو بینظیر اور مشرف کے احتساب میں سرخرو ہو چکے ہیں، حقوق نسواں بل کا اطلاق صرف پنجاب کے اندر ہوگا، اٹک سے دور رہنےوالوں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، ایم کیو ایم کے قابل بھروسہ فرد نے الزامات لگائے ہیں۔ لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ 20 سال سے ہمارا احتساب ہورہا ہے، 1999 میں ہماری حکومت کو ختم کیا گیا تو کراچی کے حالات بھی خراب ہونا شروع ہوگئے، پرویزمشرف اور بے نظیر بھٹو کے احتساب سے بھی ہم سرخرو ہوئے بد عنوانی تو دور کی بات اگر ہم سے کوئی غلطی بھی سرزد ہوجاتی تو مشرف ہمیں نہ چھوڑتے، نیب کے قوانین سے ہمارے خلاف ماضی میں بھی کچھ ثابت نہ ہوسکا اور اب بھی کچھ نہیں ہوگا ہمیں کسی کا کوئی خوف نہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اداروں کو درست کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے،اگر آئین پاکستان میں ترمیم ہوسکتی ہے تو نیب قوانین میں کیوں نہیں ہوسکتی، احتساب کے عمل میں بہتری کی گنجائش موجود ہے، عمران خان نے بھی خیبر پختونخوا میں نیب کے قوانین کو تبدیل کیا عوام کی سہولت اور بہتری کیلئے آئین میں بھی تبدیلی کی جاسکتی ہے۔ وفاقی وزیرکا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے قابل بھروسہ فرد نے الزامات لگائے ہیں اگر مصطفیٰ کمال کے پاس کوئی شواہد موجود ہیں تو وہ کمیٹی کو پیش کریں، سرفرازمرچنٹ کےبیانات پربھی چوہدری نثار نے کمیٹی بنائی ہے۔بھارت میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی شمولیت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ بھارتی اعلیٰ حکام کی یقین دہانی پرہی کرکٹ ٹیم کو بھارت بھیجیں گے، یقین دہانی کرائی جائے کہ کھلاڑیوں کے ساتھ کسی قسم کی بدتمیزی نہیں کی جائیگی اورمکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا ہم یہ بھی چاہتے ہیں کہ دوسرے ممالک کی ٹیمیں بھی پاکستان میں آئیں۔
تازہ ترین