ڈیرہ اسماعیل خان ،پروا(نمائندگان جنگ)ڈیرہ اسماعیل خان سے 40 کلو میٹر دور مصروف ترین شاہراہ انڈس ہائی وے پر دہشتگردوںکی پولیس وین پر فائرنگ، 4اہلکار شہید ، حملے میں ایس ایچ او اور 2راہگیر زخمی ہوگئے، پولیس وین پر دستی بموں اور جدید خودکار ہتھیاروں سے حملہ کیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق نامعلوم دہشت گردوں نے پروا کے علاقے ماہڑہ اڈہ کے قریب واقع اباسین فلنگ اسٹیشن کے قریب معمول کی گشت پر موجود پولیس وین پر اچانک حملہ کرکے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی ۔دہشت گردوں کی جانب سے کیا جانے والا حملہ اتنا شدید اور اچانک تھا کہ پولیس اہلکاروں کو سنبھلنے کا موقع ہی نہ مل سکا اور شدید فائرنگ اور دستی بموں کے حملے میں پولیس اہلکار ڈرائیور محمد جاوید ،ڈی ایف سی آصف نواز اور گن مین کانسٹیبل سرفرار او ر کانسٹیبل میرباز شہید ہو گئے، ایس ایچ او طاہر نواز خان اور دو راہ گیر آصف اور یاسین زخمی ہو گئے تاہم پولیس اہلکاروں نے دہشت گردوں کابہادری اورجرآت سے مقابلہ کیا اور زخمی حالت میں دہشت گردوں کے خلاف جوابی فائرنگ جاری رکھی ۔پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کا تبادلہ آدھا گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہا۔بعدازاں ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔