فلم بینوں کو سال بھر بالی ووڈ اسٹارز کی نئی فلموں کا انتظاررہتا ہے۔ کروڑوں روپے کے بجٹ سے بنائی جانے والی یہ فلمیں اکثر مقبولیت حاسل کرلیتی ہیں لیکن گزشتہ سال بڑے اسٹارز کی فلمیں بری طرح ناکام بھی ہوئی ہیں، جن میں عامر خان کی ’ٹھگز آف ہندوستان‘ اور شاہ رخ خان کی’زیرو‘"سرفہرست ہیں۔ان فلموں کے علاوہ بات کی جائے تو بالی ووڈ فلموں کے لیے 2018ء ایک بہترین سال ثابت ہوا جہاں فلم بین فلموں سے محظوظ ہوئے، وہیں پروڈیوسر بھی فلموں کی کامیابی سے خاصے مطمئن نظر آئے۔ باکس آفس پر فلموں کا کروڑوں کا بزنس اسٹارز کی اچھی کارکردگی کا اظہار کرتا ہے، تاہم رواں برس باکس آفس پر کن فلموں کا ستارہ جگمگاتا ہے یہ تو آنے والا وقت ہی بتائے گا ۔ آج ہم آ پ کو 2019ء میں ریلیز ہونے والی کچھ ایسی ہی بالی ووڈ فلموں کے بارے میں بتانے جارہے ہیں، جن کا انتظار بےچینی سے کیا جارہا ہے۔
کلنک (19اپریل 2019ء)
فلمساز کرن جوہر اور ساجد ناڈیاڈوالاکی جانب سے میگا اسٹار کاسٹ پر بنائی گئی فلم ’کلنک‘ اپریل میں ریلیز کی جائے گی۔ کرن جوہر کی فلم کلنک کے لیے ماضی اور حال کی میگا کاسٹ کا انتخاب کیا گیا ہے۔فلم میں ایک طرف برسوں بعد سنجے دت اور مادھوری ڈکشٹ ایک ساتھ والدین کے کردار میں جلوہ گر ہوں گے تو دوسری طرف ینگ اسٹار ز کی کاسٹ کے طور پر عالیہ بھٹ، سوناکشی سنہا اور ورون دھون کو شامل کیا گیا ہے۔ فلم کی کہانی آزادی سے قبل کے ادوار اور دو خاندانوں کے اقدار کے گرد گھومتی دکھائی دے گی۔ فلم کے لیے ہدایت کاری کے فرائض ابھیشیک ورمن نے نبھائے ہیں۔
دبنگ 3
سلمان خان کی کامیاب فلم دبنگ کے سیکوئل کا سلسلہ جاری ہےاور خبر یہ ہے کہ دبنگ 3کے تیسرے سیکوئل کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔فی الحال فلم کےریلیز ہونے سے متعلق کہا جارہا ہے کہ سلمان خان کی فلم دبنگ کا تیسرا سیکوئل جون کے ماہ ریلیز کیا جائے گا۔ دبنگ اور دبنگ2 کی طرح سلمان خان کے ہمراہ سوناکشی سنہا مرکزی کردار نبھاتی نظر آئیں گی،اب دیکھنا یہ ہے کہ دبنگ کا تیسرا سیکوئل پہلی دونوں فلموں کی طرح شائقین کو محظوظ کرپاتا ہے یا نہیں ۔
سپر 30 ( 26جولائی 2019ء)
فلم سپر30ماہرریاضی دان آنند کمار کی زندگی کے گرد گھومتی ہے۔ فلم کی اسٹار کاسٹ میںبالی ووڈ ایکشن ہیرو ریتھک روشن اور اداکارہ مرونل ٹھاکر شامل ہیں۔ نہ صرف مرکزی کردار بلکہ فلم کی ایڈیٹنگ کیلئے ریتھک کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ پہلے فلم کے ڈائریکٹر وکاس بہل تھےلیکن اس کے بعد ہدایتکاری کی ذمہ داری کبیر خان کے سپرد کردی گئی تھیں۔ فلم کو پروڈیوس کرنے کا سہرا پروڈکشن کمپنی ’فینٹم‘ اوران کے پارٹنرز فلم سازوں کے سر ہے۔ واضح رہے کہ فلم کو پہلے 25جنوری کو ریلیز کیا جانا تھا۔
ہاؤس فل4 (26اکتوبر 2019ء)
رومانٹک کامیڈی فلم ’ہاؤس فل‘ کا چوتھا سیکوئل رواں سال اکتوبر کے آخر میں ریلیز کیے جانے کی توقع ہے۔ فلم کی ریلیز میں تاخیر کی وجہ MeTooتحریک کے باعث فلم کے پہلے ہدایتکار ساجد خان اور اداکار نانا پاٹیکرکاخواتین کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام سامنے آنا تھا۔ اس کے بعد ساجد خان کی جگہ ساجد فرحاد کو ہدایتکاری کی ذمہ داری سونپ دی گئی جبکہ نانا پاٹیکر کی جگہ باہو بلی میں ولن کا کردار ادا کرنے والے رانا ڈگوبتی کو کاسٹ کیا گیا ہے۔ ہاؤس فل4کی کاسٹ میں اکشے کمار، رتیش دیشمکھ، بوبی دیول اور کریتی سینن شامل ہیں۔
براہمسترا (20دسمبر 2019ء)
بالی ووڈ کے معروف فلم ساز کرن جوہر اب تک بالی ووڈ کو کئی میگا ہٹ فلمیں دے چکےہیں اور رواں برس کے لیے انھوں نے کچھ ایسے ہی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ فلم براہمسترا چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور اور مختصر عرصے میں غیر معمولی شناخت بنانے والی عالیہ بھٹ کی ایک ساتھ پہلی فلم ہے جبکہ کرن جوہر نے اسٹائلش اداکار امیتابھ بچن کو بھی اس فلم کی کاسٹ میں شامل کیا ہے۔ فلم براہمسترا کی کہانی دونوں اداکاروں کی محبت اور ایڈونچر کے گرد گھومتی نظر آئے گی۔ براہمسترا کی ہدایتکاری کا فریضہ انڈین فلم ڈائریکٹر ایان مکھرجی سرانجام دے رہے ہیں ۔