پشاور(این این آئی، جنگ نیوز) خیبر پختونخوا بھی نیب کے ریڈار پر آگیا، قومی احتساب بیورو (نیب) خیبرپختونخوا نے وزیر دفاع پرویز خٹک اور خیبرپختونخوا اسمبلی کے اسپیکر مشتاق غنی کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا۔ نیب ترجمان کے مطابق وزیر دفاع اور اسپیکر صوبائی اسمبلی سمیت سابق چیف سیکریٹری امجد علی خان کے خلاف بھی نیب انکوائری کی شروع کردی گئی ہے۔نیب کی جانب سے تینوں افراد پر پاک آسٹریا انسٹی ٹیوٹ کے پراجیکٹ ڈائریکٹر کی تعینات میں میرٹ کو نظر انداز کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔نیب ترجمان کے مطابق پاک آسٹریا انسٹی ٹیوٹ کے پراجیکٹ ڈائریکٹر کی تعیناتی 2016 میں کی گئی تھی اور ان تینوں افراد نے اس تعیناتی میں میرٹ کو نظر انداز کیا۔ ترجمان نے بتایا کہ تینوں افراد پر اختیارات کے ناجائز استعمال کا بھی الزام ہے۔واضح رہے کہ نیب پرویز خٹک کے خلاف سابق وزیراعلیٰ کی حیثیت سے مالم جبہ اراضی کیس میں بھی تحقیقات کررہا ہے اور اس سلسلے میں وہ نیب میں پیش بھی ہوچکے ہیں۔