اسلام آباد(نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد کے دورہ کے موقع پر سیاسی قیادت کو د عوت نہ دے کر حکومت نے تنگ نظری اور تعصب کا مظاہرہ کیا ۔ سعودی ولی عہد کسی پارٹی کے نہیں پاکستان کے مہمان تھے، ان کے استقبال کے لیے قومی قیادت موجود ہوتی تو خود حکومت کی عزت میں اضافہ ہوتا ۔حکومتی پروٹوکول اور وی آئی پی کلچر میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ۔سعودی ولی عہد نے کرپشن کے خاتمہ کیلئے اپنے گھر سے احتساب شروع کیا اور 137 ارب ڈالر کی لوٹی گئی دولت واپس لے کر قومی خزانے میں جمع کرائی ۔ ہمارے حکمران چھ ماہ میں ایک پائی وصول نہیں کر سکے ۔ان خیالات کا ا ظہار انہوں نے منصورہ میں جاری پانچ روزہ تربیت گاہ سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ بھارت اپنے پچاس فوجیوں کی ہلاکت پر پاکستان کے خلاف دھمکیوں پر اتر آیاہے جبکہ بھارتی فوج روزانہ نہتے کشمیریوں کا قتل عام کر رہی ہے اور اب تک لاکھوں کشمیری غاصب بھارتی فوج کا نشانہ بن چکے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے عوام کو سخت مایوس کیا ہے ۔ سادگی کے دعوے کرنے والوں نے اخراجات میں کمی کی نہ شاہانہ طور طریقے بدلے ۔ حکومتی پروٹوکول اور وی آئی پی کلچر میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ۔