• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملتان تا سکھر موٹروے ایم 6 کا بنیادی تعمیراتی کام مکمل


ملتان سے سکھر موٹر وے ایم 6 کا بنیادی تعمیراتی کام مکمل ہو گیا ہے تاہم پروجیکٹ کی آرائش، انٹر چینجز اور عارضی قیام گاہوں کی تعمیرات آخری مرحلے میں ہیں، منصوبے کا افتتاح رواں سال اگست میں ہو رہا ہے۔

اس منصوبے کو وفاقی حکومت کی جانب سے پاکستان کے عوام کے لیے بہترین تحفہ قرار دیا جا رہا ہے، 392 کلو میٹر طویل موٹر وے ایم 6 پر تقریباً 2اعشاریہ89 بلین روپے کی لاگت آئی ہے۔

یہ موٹر وے ملتان سے شروع ہو کر شجاع آباد، جلالپور پیر والہ، ہیڈ پنجند، بہاول پور کے قریب اُچ شریف، احمد پور شرقیہ، رحیم یار خان، صادق آباد، سندھ کے شہر اوباڑو، گھوٹکی اور پنوعاقل سے ہوتا ہوا سکھر میں روہڑی کے قریب اختتام پذیر ہو رہا ہے، جہاں سے سکھر سے حیدرآباد تک موٹر وے کی تعمیر کی منصوبہ بندی کی جاچکی ہے۔

موٹر وے ایم 6 پر بہاولپور کے قریب دریائے ستلج کے ایک بڑے برج سمیت مجموعی طور پر 54 پل، 12 سروس ایریاز، 10 ریسٹ ایریا، 11 انٹرچینجز، 10 فلائی اوورز اور 426 انڈرپاسز تعمیر کیے گئے ہیں۔

سڑک کی پائیداری اور معیار کے باعث موٹروے ایم پر سفر اتنا آرام دہ اور پرسکون ہے کہ گاڑی کی رفتار 120 کلومیٹر فی گھنٹہ سے 130 یا 135 کلومیٹر فی گھنٹہ ہو جانے کا بھی پتہ نہیں چلتا۔

نیشنل ہائی وے کے مقابلے میں موٹر وے ایم 6 پر ملتان سے سکھر کے لیے سفر کریں تو فاصلہ 75 کلو میٹر کم ہے جبکہ موٹر وے ایم 6 پر بغیر رکے مسلسل سفر کریں تو 6 گھنٹے کا سفر سکڑ کر 3 سے ساڑھے 3 گھنٹے رہ جائے گا۔

پاک چین اقتصادی راہداری کے اس اہم منصوبے پر کام کا افتتاح سابق وزیر اعظم میاں نوازشریف نے 6 مئی 2016ء کو کیا تھا، تاہم کام کا آغاز اگست میں ہوا اور اب یہ منصوبہ تقریباً مکمل ہو چکا ہے۔

تازہ ترین