ایسا کم ہی دیکھا گیا ہے کہ شوبز کی دنیا سے تعلق رکھنے والی شخصیات کے بچوں نے اپنے لیے بطور کیریئر کسی اور شعبہ کا انتخاب کیا ہو۔ بالی ووڈ پر نظر ڈالیں تو کپورز سے لے کر بچن تک، ایک خاندانی تسلسل چلا آرہا ہے۔ تیسری نسل کے اداکاروں میں سیف علی خان کی بیٹی سارہ علی خان نے حال ہی میں ’کیدرناتھ‘ کے ذریعے بالی ووڈ میں قدم رکھا ہے جبکہ شاہ رُخ خان کے بچے فلموں میں قدم رکھنے کے لیے پوری طرح تیار ہیںوغیرہ وغیرہ۔ ہالی ووڈکی صورت حال بھی کچھ مختلف نہیں۔ ہالی ووڈ میں کئی ماڈلز، اداکاراؤں اور گلوکاراؤں کی بیٹیاں بھی خود کو شوبز کے میدان میں منوا رہی ہیں۔ صرف یہی نہیں، وہ اپنی خوبصورت ماؤں کی طرح، خود بھی انتہائی خوبصورت ہیں۔ آئیے ہالی ووڈ کی ایسی ہی خوبصورت Mother-Daugher جوڑیوں پر نظر ڈالتے ہیں۔
جیری ہال اور جارجیا مے جیگر
اس فیملی میں جینیاتی عمل یقیناً بہت اچھے طریقے سے منتقل ہورہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ماں، بیٹی ماڈلز کی یہ جوڑی ہالی ووڈ انڈسٹری میں مایہ ناز مانی جاتی ہے۔جیری ہال نے اپنے ماڈلنگ کیریر کا آغاز پیرس سے کیا تھا اور موسیقار میک جیگر سے شادی کی۔ ان کے چار بچے ہیں، جن میں ایک خوبصورت جارجیا مے جیگر بھی ہیں۔ آج جارجیا مے جیگر کا شمار بھی ہالی ووڈ کی کامیاب اور انتہائی خوبصورت ماڈل گرلز میں ہوتا ہے۔
رابن رائٹ اور ڈائلن پین
رابن رائٹ جتنی خوبصورت ہیں، اتنی ہی باصلاحیت بھی۔ House of Cards سیریز میں انھوں نے کلیری انڈرووڈ کا کردار اس خوبصورتی سے ادا کیا کہ وہ ان کی پہچان بن گیا۔ آسکر ایوارڈ یافتہ یہ اداکارہ بہترین ڈائریکٹر بھی ہیں۔ ڈائلن پین اپنی والدہ کی صلاحیتوں اور لازوال خوبصورتی کی حقیقی وارث ثابت ہورہی ہیں۔ پین کا ماڈلنگ کیریر انتہائی کامیاب جارہا ہے جبکہ وہ فلموں میں بھی اداکاری کرتے ہوئے نظر آتی ہیں۔
ملینی گرفتھ اور ڈکوٹا جانسن
ملینی گرفتھ اور ڈکوٹا جانسن دونوں ہی باصلاحیت ماؤں کی بیٹیاں ہیں، جس کے باعث کوئی وجہ نہیں ہے کہ وہ اس فہرست میں شامل نہ ہوتیں۔ ملینی گرفتھ نے اس وقت سے اداکاری کا آغاز کردیا تھا، جب وہ صرف نو ماہ کی تھیں۔ انھوں نے چائلڈ آرٹسٹ سے گولڈن گلوب کے لیے نامزد ہونے والی اداکارہ کا سفر انتہائی کامیابی سے طے کیا۔ ملینی کی بیٹی ڈکوٹا جانسن بھی ایک باصلاحیت اداکارہ کے طور پر سامنے آئی ہیں اور Fifty Shadesفلم فرنچائز میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔
سنڈی کرافورڈ اور کائی گربر
’سپر ماڈلز کی بیٹیاں بھی سپرماڈلز ہی بنتی ہیں‘، یہ بات سپرماڈل سنڈی کرافورڈ اور ان کی سپرماڈل بیٹی کائی گربر کو دیکھ کر سچ ثابت ہوتی ہے۔80اور 90کے عشرے میں دنیا کے ہر بڑے بیوٹی اور لگژری برانڈ کی خواہش ہوتی تھی کہ سنڈی کرافورڈ ان کے اشتہار میں ماڈلنگ کریں۔ سنڈی کرافورڈ کے کریڈٹ پر دنیا کے کئی بڑے برانڈز ہیں۔ اب ان کی 16سالہ بیٹی اپنی سپر ماڈل ماں کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے کم عمری میں ہی ماڈلنگ انڈسٹری میں دھوم مچارہی ہے۔
لیزا بونٹ اور زوئی کراوِٹ
لیزا بونٹ کا شمار ہالی ووڈ کی باصلاحیت اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔ لیزا کی وجہ شہرت سپر ہٹ فلم The Cosby Show میں ان کا مرکزی کردار بنا۔ لیزا بونٹ نے اپنی 20ویں سالگرہ پر موسیقار لینی کراوٹ سے شادی کرلی تھی۔ یقیناً یہی وجہ ہے کہ ان کی بیٹی زوئی کراوِٹ نے اپنے ماں باپ، دونوں کی صلاحیتیں اپنے جینز میں پائی ہیں۔ زوئی کراوِٹ نہ صرف بہترین اداکارہ بلکہ شہرت یافتہ گلوکارہ بھی مانی جاتی ہیں۔’نو ریزرویشنز‘ زوئی کراوِٹ کی پہلی فلم تھی، جو 2007ء میں ریلیز ہوئی۔ اس کے بعد وہ بگ لٹل لائیز، ڈائیورجنٹ اور 2018ء میں ریلیز ہونے والی فلم Fantastic Beasts: The Crime of Grindelwald اور دیگر فلموں میں اداکاری کے جوہر دِکھا چکی ہیں۔
جیڈا پنکٹ اسمتھ اور وِلو اسمتھ
جیدا پنکٹ اسمتھ ہالی ووڈ کی ایک باصلاحیت اور منجھی ہوئی شخصیت ہیں، جو اپنی اداکاری اور گلوکاری کی وجہ سے ایک پہچان رکھتی ہیں۔ جیڈا پنکٹ اسمتھ نے اپنے ایکٹنگ کیریر کا آغاز 1993ء میں کیا، تاہم انھیں پہلی بڑی کامیابی 1996ء میں ایڈی مرفی کے ساتھ ملی۔ 2004ء ہالی ووڈ کے معروف اداکار وِل اسمتھ ان کے شوہر ہیں۔ دو انتہائی کامیاب اور باصلاحیت والدین کی بیٹی بھلا کیسے پیچھے رہ سکتی تھیں؟ وِلو اسمتھ نے صرف 8سال کی عمر میں ہی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، جب انھوں نے فلموں کے لیے پسِ پردہ آواز دینے کے علاوہ اپنے گانے بھی ریلیز کیے۔