مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگ زیب نے وزیراعظم عمران خان کی تقریر پر ردعمل میں کہا ہے کہ عمران صاحب آپ نے آج ثابت کر دیا کہ آپ کنٹینر کے وزیراعظم ہیں، پارلیمنٹ کے وزیر اعظم نہیں۔
مریم اورنگزیب کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ آپ اس لیے بوکھلاہٹ کا شکار تھے کہ آپ جس منصوبے کے سامنے کھڑے ہو کر تقریر کر رہے تھے وہ بھی نواز شریف کا تحفہ ہے ۔ عمران صاحب آپ نواز شریف کے بارے میں بات کر کے ہر بار اپنا قد بڑھانے کی کوشش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا مقابلہ کرنے کے لیے پہلے سچ بولنا اور پھر منتخب وزیر اعظم بننا پڑتا ہے۔ پاکستان کے عوام نے نواز شریف کو تین بار وزیراعظم منتخب کیا، وہ آپ کی طرح سلیکٹڈ وزیراعظم نہیں ہیں۔
مریم اورنگ زیب نے کہا کہ اپنی کابینہ کو جھوٹ، جھوٹ اور صرف جھوٹ بولنے کا درس دینے والا جھوٹ کے سوا کچھ نہیں بول سکتا۔ آپ کی ذہنی پستی کا یہ عالم ہے کہ آپ نے آج حمزہ شہباز کی دو ہفتے کی بیٹی کی زندگی اور صحت پر سیاست کی۔