لاہور ( نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ممتاز افسانہ نگار، ڈرامہ نویس اور اداکار ڈاکٹر انور سجاد کی شدید علالت میں نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹ کی جانب سے ان کی تنخواہ روکنا ظالمانہ اور قابل مذمت اقدام ہے، حکومت فوری نوٹس لے اور صدرمملکت ڈاکٹر انور سجاد کے اہلخانہ کی درخواست پر فوری کارروائی کریں۔انہوں نے کہا کہ علمی و ادبی شخصیات سے بیگانگی معاشروں کو تباہ کردیتی ہے۔ سابق وزیراعظم محمد نوازشریف نےعلم و ادب اور فنون لطیفہ سے متعلق افراد کیلئے 50 کروڑ روپے سے انڈوومنٹ فنڈ قائم کیا تھا،اس کےباوجود ڈاکٹر انور سجاد کے علاج کے لئے حکومتی سطح پر اقدام نہ ہونا ناقابل فہم اور افسوسناک ہے۔