بڑھتی عمر میں جہاں چہرے کی دلکشی اور جاذبیت میں کمی آتی ہے، وہیں اگر خیال نہ رکھا جائے تو چہرے کی جِلد پر جھریاںبھی نمودار ہوجاتی ہیں۔ ان جھریوں سے خوفزدہ ہونے کے بجائے ان کا مقابلہ کرناسیکھیں، جس طرح قدرتی ماسک اور طریقےان جھریوں سے نمٹنے میں مددگار ہوتے ہیں بالکل اسی طرح کچھ میک اَپ ٹرکس بھی ایسی ہیں، جن پر عمل کرکے جھریوں کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔ خواتین چاہے عمر کے کسی بھی حصےمیں ہوں، میک اَپ کا استعمال ضروری سمجھتی ہیں کیونکہ میک اَپ حسن میں مزید چار چاند جو لگادیتا ہے۔ اسی لیےہم آج آپ سے کچھ ایسی میک اَپ ٹرکس شیئر کرنے جارہے ہیں، جو نہ صرف بڑھتی عمر کے اثرات کو چھپائیں گی بلکہ ان طریقوں پر عمل کرتے ہوئے آپ بھی کسی کم عمر لڑکی کی طرح جاذب نظر، پُرکشش اور پرفیکٹ لُک حاصل کرسکتی ہیں۔
موئسچرائزر
کم عمری میں آپ نے موئسچرائزر کا استعمال کیا ہو یا نہیں ،لیکن 30سال کی عمر کے بعد اس کااستعمال آپ کی جِلد کے لیے بے حد ضروری ہے ۔میک اَپ سے قبل موئسچرائزر لازمی استعمال کریں، ایسا موئسچرائزر لگائیں جو چہرے کی جِلد پر دیر تک قائم رہے۔روزانہ چہرے کی کلینزنگ اور موئسچرائزنگ کرنے سے بڑھتی عمر کے اثرات بھی کم ہوتے ہیں۔ کیونکہ اس عمل سے چہرے کی جِلد میں موجود ریڈیکلز، جوکہ عمر بڑھنے کا سبب ہوتے ہیں ان کا عمل سست ہوجاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ماہرین کلینزنگ کے بعد چہرے کی جِلد کو موئسچرائزنگ سے ڈھانپنے کا مشورہ دیتے ہیں۔
فاؤنڈیشن
بڑھتی عمر کے ساتھ ساتھ آپ کو فاؤنڈیشن کے استعمال میں بھی تبدیلی لانی ہوگی کیونکہ ایک خاص عمر گزرنے کے بعدآپ کے چہرے پر شکنیں نمایاں ہونے لگتی ہیں۔اس لیے بیوٹی ایکسپرٹ کی رائے کے مطابق فاؤنڈیشن کے انتخاب میں غلطی نہ کریں۔ ہلکے فاؤنڈیشن کا استعمال کریں، فاؤنڈیشن ہلکا ہو تویہ نظر کم آتاہے اور آسانی سے دانوں کے نشانات کوبھی چھپا دیتاہے، تاہم بھاری فاؤنڈیشن چہرے پر زیادہ واضح ہوتا ہے۔میک اَپ آرٹسٹ سینڈی لینٹر بڑی عمر کی خواتین کو پنک کے بجائے یلو فاؤنڈیشن کے استعمال کامشورہ دیتی ہیں۔ ان کے مطابق یلو فاؤنڈیشن چہرے پر کم اور ہلکا محسوس ہوتا ہے، اس کو لگانے کے بعد چہرے کی جِلدجواں عمر محسوس ہوتی ہے۔
لیکویڈ کنسیلر
کنسیلر تمام عمر کی خواتین کے لیےچہرے کی خامیاںمثلاً داغ دھبے اور جھائیاں چھپانے کا مؤثر طریقہ ہے۔ یہ آپ کی میک اَپ کٹ کا وہ اہم جزو ہے، جو چہرے کی ہر خامی کو خوبی میں بدلنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے لیکن بڑی عمر کی خواتین کے لیےلیکویڈ کنسیلر کا استعمال بہترین ثابت ہوتا ہے۔ انٹرنیشنل بیوٹی ایکسپرٹ سوئی ڈیوٹری بڑی عمر کی خواتین کو لیکویڈ کنسیلر استعمال کرنے کا مشورہ دیتی ہیں ،کیونکہ لیکویڈ لائنرجھریوں میں جم کر لائنیں نہیں بننے دیتا۔ساتھ ہی اس بات کا بھی خیال رکھیں کہ کنسیلر کا شیڈ فاؤنڈیشن کے شیڈ سے ایک درجہ کم ہونا چاہئے۔
براؤن آئی لائنر
اگرچہ آپ کالج لائف میں روزانہ کی بنیادوں پر بلیک آئی لائنر کا استعمال کرتی آئی ہوں گی لیکن بڑھتی عمر کے ساتھ آئی لائنر کے رنگوںکا انتخاب کریں، یہ آپ کی آنکھوںکی خوبصورتی اور دلکشی بڑھانے میںاہم کردار ادا کرے گا۔
گیلا اسفنج
میک اَپ آرٹسٹ بریگیٹی ریز اینڈرسن کے مطابق بڑی عمر کی خواتین فاؤنڈیشن لگانے کے لیے گیلے اسفنج کااستعمال کریں ۔گیلے اسفنج پر فاؤنڈیشن کی تھوڑی سی مقدار لے کر ہاتھ پر گرائیں اور پھر ہلکے ہلکے اسے چہرے پر لگائیں۔ بہت زیادہ فاؤنڈیشن کاا ستعمال نہ کریں، ضرورت پڑے تو انگلیوں کو بھی فاؤنڈیشن بلینڈ کرنے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
نقوش کا خاص خیال رکھیں
بڑھتی عمر کی خواتین دوران میک اَپ چہرے کی ساخت اور نقوش کا خاص خیال رکھیں مثلاً رخسار کی ہڈی ابھارنے کی کوشش کریں،ہلکے یا درمیانے شیڈ کا فاؤنڈیشن یا بلش آن رخسار کی ہڈی پر لگائیں، اس سے چہرہ نمایاں ہوگا اور چہرے کی جِلد پر پڑنے والی جھریاں بھی چھپ جائیں گی۔ ہونٹوں پر بھی خاص دھیان دیں اگر آپ کے ہونٹوں کی سائیڈ پر لکیریں بن گئی ہیں تو انھیں فاؤنڈیشن اور کنسیلر کی مدد سے چھپایا جاسکتا ہے۔
آئی شیڈو بیس
آنکھ جسم کا وہ حصہ ہے جہاں عمر کے اثرات سب سے زیادہ نمایاں ہوتے ہیں، اس لیے اگر پرائمر فاؤنڈیشن اور کنسیلر کے بعدبھی آپ کی آنکھوں کی شکنیںموجود ہیں تو آئی شیڈو بیس کا انتخاب کریں۔
ہلکے رنگ کی آئی بروپینسل
آئی برو فِلنگ کرنا ہو تو کوشش کریں کہ آپ آئی برو ہیئر سے ہم رنگ آئی برو پینسل کا انتخاب کریں، ہلکے رنگ کی آئی برو پینسل چہرے کو سوفٹ اور قدرتی انداز دے گی۔
لپ اسٹک کا انتخاب
ایسی لپ اسٹک کا استعمال کریں، جس کے فارمولے میں موئسچرائزر استعمال کیاگیاہو۔ دراز عمر خواتین کے ہونٹ اکثرخشک ہونے لگتے ہیں اور لپ اسٹک میں موجود موئسچرائزر ان کے ہونٹوں کونرم رکھنے میں مدد گارثابت ہوتاہے۔