• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’اسکارلیٹ جانسن‘‘ بیوٹی اور فٹنس پر سمجھوتہ نہیں کرتی

اسکارلیٹ جانسن 1994ء میں پہلی بار پردہ سیمین پر چمکی تھی اور آج تک اس کی آب وتاب بڑھتی چلی جارہی ہے۔ ایونجرز سیریز کی نتاشا رومانوف (کوڈ نیم بلیک ویڈو) جس طرح پردہ اسکرین پر بجلی کی طرح دشمنوں پر ٹوٹ پڑتی ہے، اصل زندگی میں بھی وہ چاق چوبند اورخوبصورت ہے۔ کئی مشہور فلموں کو تن تنہا ہٹ کروانے والی 34سالہ اسکارلیٹ جانسن اپنی فٹنس اور خوبصورتی کے راز کھولتی ہیں۔

اسکن کیئر ٹپس

اسکارلیٹ کی جِلد بہت حساس ہے اور یہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار رہتی ہے۔ تاہم رات کو سونے سے پہلے وہ اپنا میک اَپ صاف کرنا نہیں بھولتی ۔ وہ اپنی جِلد کی مطابقت والے ایسے اسکن کیئر آئٹمز استعمال کرتی ہے، جن میں نہ خوشبو ہو اور نہ پروڈکٹس کی لمبی لائن۔ وہ اس بات کو بھی یقینی بناتی ہے کہ ہفتے میں ایک باراپنے برش ضرور صاف کرے۔ اسکارلیٹ اعتراف کرتی ہے کہ وہ عام طور پر کوئی موئسچرائزر استعمال نہیں کرتی۔ تما م تر احتیاطی تدابیر کے باوجود ، وہ کوشش کرتی ہے کہ ہفتے میں کم سے کم ایک بار اپنا اسکن ٹریٹمنٹ کروائے، جس کیلئے وہ اپنا پسندیدہ اورگینک ماسک اور کریم ماسک استعمال کرتی ہے۔

ڈائٹ روٹین

اسکارلیٹ اس بات پر زور دیتی ہےکہ صحت مند غذا کھانے سے عورت زیادہ صحت مند ہوتی ہے۔ اسی لیے پیٹ خالی رکھنے والی ڈائٹ پر عمل کرنا اور جَم کے جِم کرنا اس کے بس کا روگ نہیں۔ اس کے متناسب جسم کا راز اعتدال کےساتھ کھانا اور سیلف کنٹرول ہے۔ البتہ اس بات کا اعتراف وہ بہرحا ل کرتی ہے کہ وہ پینر کی عادی ہے اور چیز برگرا س کی سب سے بڑی کمزوری ہے۔ اسکارلیٹ بھرپور نیند لیتی ہے اور اپنے سارے ذہنی دبائو کو ایک طرف رکھ کر آرام کرتی ہے۔ اسکارلیٹ کا سب سے اہم مشورہ یہ ہے کہ چکنائی سے دور رہا جائے۔ اس کا زور اس بات پر ہے کہ چکنائی کا فالتو استعمال کم کردیں، خاص طور پر جو غیر صحت بخش ہو۔ صرف اتنی مقدار میں چکنائی کا استعمال کریں، جو آپ کی اچھی صحت کیلئے لازمی ہو۔ صحت بخش چکنائی آپ کو خالص زیتون کا تیل اور ایواکاڈو وغیرہ سے ملتی ہے۔

بیوٹی پروڈکٹس

اسکارلیٹ کے ہینڈ بیگ میں برانڈڈ آئی میک اَپ ریموور اور کنڈیشر ہر وقت موجود رہتاہے۔ دن میں وہ ایس پی ایف15کریم استعمال کرتی ہے۔ ایک اور راز کھولتے ہوئے اسکارلیٹ نے بتایا کہ گرم روشنیوں کے درمیان مسلسل16گھنٹے کام کرنے کے بعد وہ برانڈڈ کلینزر کو گرم پانی میں بھیگے تولیے کے ساتھ استعمال کرتی ہے۔ اس کے علاوہ وہ مشہور برانڈ کا آئی شیڈو لگاتی ہے جبکہ روبی کلر کا لپ لائنر اور لپ گلوز بھی اسی برانڈکا لگاتی ہے۔ دراصل، اس مشہور برانڈ کو استعمال کرنے کی وجہ یہ ہے کہ اس کا میک اَپ چپکتا نہیں اور لپ اسٹک خشک نہیں ہوتی۔ وہ اس بات پر بھی زوردیتی ہے کہ لپ اسٹک کے اُوپر لپ اسٹک نہ لگائی جائے، اس طرح کرنے سے لپ اسٹک پھیل جاتی ہےیعنی پہلی والی صاف کرکے پھر نئی لپ اسٹک لگائی جائے۔

ورک آؤٹ کی ضرورت

اسکارلیٹ بھی دیگر سیلیبرٹیز کی طرح اپنی فٹنس پر کوئی سمجھو تہ نہیں کرتی اور ایکسرسائز کو اپنی روٹین میں شامل رکھتی ہے۔ ساتھ ہی وہ اپنے لباس کو اس اہتمام سے پہنتی ہے، جس سے وہ پتلی دبلی اور نازک اندام نظر آئے ۔ 

تازہ ترین