• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کپتان سرفراز احمد کی شاندار بیٹنگ کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل چوتھی کامیابی حاصل کرلی۔

لاہور قلندرز نے جیت کے لئے 144 رنز کا ہدف دیا، جسے کوئٹہ نے 7 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز کی آغاز اچھا نہ رہا اور راحت علی نے صفر پر واٹسن کو پویلین بھیج دیا۔

لاہور قلندرز کو دوسری وکٹ کے لئے بھی زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا اور 26 کے مجموعی اسکور پر ریلی روسوؤ 17رنز بناکر یاسر شاہ کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

مجموعی اسکور 53 پر کوئٹہ کو ایک اور نقصان ہوا، حارث رؤف نے کامران اکمل کو 9 رنز پر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ کرادیا۔

کوئٹہ کے کپتان سرفراز احمد نے احسن علی کے ساتھ اننگز کو آگے بڑھایا، دونوں بیٹسمینوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور 77 تک پہنچایا لیکن اس موقع پر احسن علی لامی چھانے کی گیند کو گراؤنڈ سے باہر پھینکنے کی کوشش میں کلین بولڈ ہوئے، انہوں نے 29 گیندوں پر دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 40 رنز کی اننگز کھیلی۔

کوئٹہ کو جلد ہی ایک اور بڑا نقصان ڈیوائن اسمتھ کے رن آؤٹ ہونے کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ صرف 2 رنز بناسکے۔

مشکل صورتحال میں محمدنواز نے کپتان سرفراز کا بھرپور ساتھ دیا اور دونوں بیٹسمین آہستہ آہستہ ٹیم کو جیت کے قریب لے آئے۔

ٹیم کا اسکور 135 ہوا تو محمد نواز حارث رؤف کی گیند پر باؤنڈری لائن پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

آخری اوور میں کوئٹہ کو 7 رنز کی ضرورت تھی، انور علی کو وائز نے پہلی ہی گیند پر کلین بولڈ کردیا۔

آخری گیند پر کوئٹہ کو 2 رنز درکار تھے سرفراز نے چھکا لگا کو ٹیم کو فتح دلادی، وہ 52 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

لاہور قلندر کے حارث رؤف نے دو، جبکہ راحت علی، یاسرشاہ، وائز اور لامی چھانے نے ایک، ایک وکٹ لی۔



لاہور قلندرز کے 7 وکٹوں پر 143 رنز

پاکستان سپر لیگ فور کے 12 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو میچ جیتنے کے لئے 144 رنز کا ہدف دیا ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کی دعوت دی تو لاہور قلندرز کو ابتداء ہی میں نقصان اٹھانا پڑا، فخرزمان کو محمد نواز نے صرف تین رنز پر پویلین واپس بھیج دیا۔

فخر زمان کے آؤٹ ہونے کے بعد سہیل اختر اور سلمان بٹ نے رنز بنانے کی ذمہ داری اٹھائی اور ٹیم کا اسکور 40 رنز تک پہنچایا، اس موقع پر سلمان بٹ صرف 5 رنز بناکر غلام مدثر کو وکٹ دے بیھٹے۔

اگلی ہی گیند پر غلام مدثر نے سہیل اختر کو 29 رنز پر آؤٹ کردیا۔

اینڈرسین بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر پائے اور 19رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

کپتان ڈیولیئرز نے آج بھی اچھی بیٹنگ کی اور 40 گیندوں پر 45 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی لیکن وائز کوئٹہ کے بولرز کے سامنے لمبی اننگز نہ کھیل پائے اور 20 رنز ہی بناسکے۔

گوہر علی نے پانچ اور یاسر شاہ نے ایک رن بنایا، یوں لاہور قلندرز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بناسکی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے غلام مدثر 3 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہے، سہیل تنویر نے دو جبکہ محمد نواز اور انور علی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

تازہ ترین