مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اور نگزیب نے چوہدری نثار کے بیان پر تبصرہ کرنے سےگریزکردیا ہے۔
جیونیوز کے پروگرام نیاپاکستان میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اور نگزیب نےڈیل کی خبروں کو مسترد کردیا۔
ان سے چوہدری نثار کے انٹرویو میں کئی گئی گفتگو پر استفسار کیا گیا تو مریم اورنگزیب نے کہا کہ وہ سینئر رہنما ہیں ان کے بیان پر کوئی تبصرہ نہیں کرسکتی۔
واضح رہے کہ سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے جیو نیوز کے پروگرام جیو پارلیمنٹ میں گفتگو کے دوران نواز شریف پر تنقید کی تھی۔
چوہدری نثار نے کہا کہ نواز شریف صرف اپوزیشن میں ہوتے ہوئے سویلین بالا دستی چاہتے ہیں، لیکن جب وہ اقتدار میں ہوتے ہیں تو سویلین بالا دستی کے لیے کوئی قدم نہیں اُٹھاتے۔
سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ڈیل کے حوالے سے گزشتہ تین چار ماہ میں جو کچھ ہوا وہ سب جانتا ہوں۔ اگر بتا دوں تو بہت سوں کی جگ ہنسائی ہو، تہلکہ مچ جائے، بہت ساروں کی عزت میں اضافہ ہو جائے لیکن اس پر پردہ ہی رہنے دیں۔