کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اعلان کیا ہےکہ13فروری کو لاڑکانہ میں قتل ہونے والے باجوڑ کے 3محنت کشوں کے لواحقین کو معاوضے کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ ان کے بچوں کے تعلیمی اخراجات بھی سندھ حکومت برداشت کرے گی۔تفصیلات کے مطابق سینیٹر شاہی سید کی سربراہی میں باجوڑ ایجنسی کے معززین کے ایک وفد سے گفتگو میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ لاڑکانہ میں باجوڑ کے 3 محنت کشوں کاقتل شرپسندوں کی جانب سے لسانی فسادات اور صوبے کا امن خراب کرنے کی ایک سازش ہے ، اپنے پختون بھائیوں بالخصوص شاہی سید کا شکر گزار ہوں جنہوں نے اس معاملے میں بر وقت مداخلت کرتے ہوئے اس سازش کو ناکام بنایا، لاڑکانہ شہیدوں کا شہر ہے اور ان کی نظر میں لاڑکانہ میں باجوڑ کے قتل کیے گئے تینوں محنت کش بھی شہید ہیں ۔