لاہور ( نمائندہ جنگ،این این آئی )سانحہ ماڈل ٹائون کی تحقیقات کے لئے قائم نئی جے آئی ٹی نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن)کی متعدد اہم سیاسی شخصیات اور اعلی پولیس حکام کی طلبی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ (ن)کے صدر وسابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف، پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز،رکن قومی اسمبلی راناثناء اللہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی کواپنے بیانات قلمبند کرانے کے لیے آج پیر کو طلب کرلیاہے۔جے آئی ٹی کی جانب سے جاری دوسرے نوٹیفکیشن میں ایس پی مجاہد فورسز لاہور عبدالرحیم شیرازی، ایس پی آپریشن ماڈل ٹائون طارق عزیز، ایس پی انویسٹی گیشن محمد ندیم سمیت دیگر کو اپنے بیانات قلمبند کرنے کے لیے کل منگل ساڑھے 10بجے طلب کیا گیا ہے ۔