• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی حکومت نے عوام پر مہنگائی کا بم گرا دیا،شاہد خاقان

ایبٹ آباد، مانسہرہ (نیوزایجنسیاں) سابق وزیراعظم و رہنما مسلم لیگ (ن) شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے عوام پر مہنگائی کا بم گرا دیا، گیس کی قیمت میں 350فیصد تک اضافہ کیا گیا، مہنگائی کی چکی میں پس رہے عوام جلد پی ٹی آئی حکمرانوں کو گھر بھیجیں گے، حکومت نااہل اور کرپٹ لوگوں کے حوالے کر دی گئی ہے، نوازشریف جیل میں ہوتے ہوئے بھی سیاست کا محور ہیں، نوازشریف کی ضمانت کی درخواست پر جو بھی فیصلہ آیا قبول کرینگے، جمہوریت کا تحفظ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مانسہرہ میں جلسہ عام سے خطاب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 26 فروری کو پیغام دینا ہے کہ عوام حکومت کو مسترد کرتے ہیں، یہ ملک کی بدنصیبی ہے کہ 25 جولائی کا الیکشن چوری کیا گیا اور عمران خان جیسا وزیراعظم مسلط کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی کے اسپیکر کی گرفتاری پر شدید خدشات ہیں، انہیں بغیر کسی الزام کے گرفتار کیا گیا، پنجاب اورکے پی اسمبلی کے اسپیکرز پربھی الزامات ہیں جس ملک میں حکومت ہی اسمبلی نہیں چلانا چاہے اس کا کیا حال ہوگا۔
تازہ ترین