کراچی(اسٹاف رپورٹر ) پی ایچ ایف کانگریس کا اجلاس منگل کو اسلام آباد میں ہوگا جس میں اہم فیصلے کیے جائیں گے،اجلاس میں سندھ کی شرکت تنازع کی شکار ہوگئی ہے۔ صوبے میں ہاکی کی دو ایسوسی ایشنز ہیں ۔ اس ضمن میں پی ایچ ایف کی تسلیم شدہ سندھ ایسوسی ایشن کے سیکریٹری رمضان جمالی نے کہا کہ میں بحیثیت سندھ ہاکی ایسوسی ایشن سیکریٹری خودساختہ و متوازی ایسوسی ایشن کو جعلی قرار دیتا ہوں۔ پی او اے سے مطالبہ ہے کہ متوازی سندھ ہاکی ایسوسی ایشنز بنانے والوں کیخلاف اولمپک چارٹرڈ کے تحت کاروائی کی جائے۔ ادھر متوازی تنظیم کے سیکریٹری گلفراز خان نے پی ایچ ایف کو قانونی نوٹس بھیجا ہے جس میں پی ایچ ایف کانگریس کے اجلاس میں دوسرے گروپ کو مدعو کرنے کو غیر آئینی اقدام قرار دیا ہے۔