پی ایس ایل 4 کے 16 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ ملتان نے 122 رنز کا ہدف 18.1 اوور میں حاصل کرلیا۔
ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ملتان کے سب سے کامیاب بیٹسمین عمر صادق رہے جنہوں نے 45 گیندوں پر 46 رنز اسکور کیے جبکہ جے ایم ونس نے 17گیندیں کھیل کر 28 رنز بنائے۔
اس کے علاوہ ملتان کے کپتان شعیب ملک 23 اور ڈینیل کرسچین 16 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
اسلام آباد کی جانب سے محمد موسیٰ، شاداب خان اور سمیت پٹیل کے حصہ میں ایک ایک وکٹ آئی۔
اس سے پہلے اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو جیت کے لئے 122 رنز کا ہدف دیا تھا۔
ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپنرز اچھی شروعات نہ کرسکے اور پہلے ہی اوور میں ڈیلپورٹ چار رنز کی اننگز کھیل کر محمد الیاس کو وکٹ دے بیٹھے، وہ باؤنڈری لائن پر ونس کے ہاتھوں کیچ آؤ ٹ ہوئے۔
نئے آنے والے بیٹسمین صاحبزادہ فرحان بھی لمبی اننگز نہ کھیل سکے اور صرف 4 رنز بناکر نعمان علی کی گیند پر اسٹمپ ہوئے، اس وقت ٹیم کا اسکور 34رنز تھا۔
ان فارم بیٹسمین لیوک رونکی 16 گیندوں پر 32 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوئے۔
حسین طلعت کو شاہد آفریدی نے 8 رنز پر کلین بولڈ کیا، اور سمیت پٹیل 20 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین چلے گئے۔
آصف علی 12 گیندوں پر 22 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل آؤٹ ہوئے۔
رونکی، سمیت پٹیل، آصف علی اور فہیم اشرف کے علاوہ اسلام آباد یونائیٹڈ کا کوئی بھی بیٹسمین ڈبل فیگر میں شامل نہ ہو سکا، اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوری ٹیم 17 اعشاریہ 4 اوور میں 121 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
ڈینیل کرسچین ملتان سلطانز کے سب سے کامیاب بولر رہے، انہوں نے صرف ایک اعشاریہ 4 اوورز میں 19 رنز دے تین وکٹیں لیں، شاہد آفریدی، نعمان علی اور محمد الیاس نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ایک وکٹ محمد عرفان کے حصے میں آئی۔