• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلامی کانفرنس میں بھارتی موجودگی نامنظور، شاہ محمود کا سیکرٹری جنرل کو فون

اسلام آباد، جدہ ( نیوز ایجنسی، شاہد نعیم) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت کو اوآئی سی اجلاس میں مدعو کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں ، او آئی سی بھارت کی مذمت کرے اور رکن ممالک کو بھی ایسا کرنے کا کہے، بھارت نہتے کشمیریوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ رہاہے ،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کو ٹیلی فون کیا اور بھارت کو او آئی سی اجلاس میں مدعو کرنے پر شدید احتجاج کیا اور کہا کہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی انتہائی قابل مذمت ہے ، دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے مظالم پر او آئی سی کے رابطہ گروپ برائے جموں و کشمیر کا ہنگامی اجلاس ہواجس میں پاکستان کی نمائندگی سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کی، اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین صورتحال اور نہتے کشمیریوں پر بھارتی وحشیانہ مظالم اور پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر گفتگو ہوئی،سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے اس موقع پر کہا کہ او آئی سی ممالک اور اقوام متحدہ بھارتی ہٹ دھرمی اور علاقے میں جنگی جنون پھیلانے کا سخت نوٹس لیں، آج دنیا میں اختلاف مذاکرات کے ذریعے حل ہورہے ہیں جنگ اور جنگی جنون مسائل کا ہر گز حل نہیں لیکن بھارت مسلسل مذاکرات سے گریز کررہا ہے،یہ اجلاس بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر اور پاکستا ن کے خلاف پروپیگنڈے اور جنگ مسلط کرنے کی دھمکیو ں کی بنا پر پاکستان کی خصوصی درخواست پر بلایا گیا ہے۔
تازہ ترین