• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کے پیغام کو پوری دنیا نے سراہا ،شاہ محمود قریشی

 کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان کے پیغام کو پوری دنیا نے سراہا ہے، ن لیگ کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ جنگ میں کسی ایک فریق کی نہیں پورے خطے کی تباہی ہوگی،پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمٰن نے کہا کہ ہندوستان کو پاکستان کی امن کی پیشکش قبول کرلینی چاہئے، دفاعی تجزیہ کار ایئر چیف (ر) مارشل سہیل امان نے کہا کہ پاک فضائیہ نے جارحانہ اور دفاعی صلاحیتوں کا بہت اچھا مظاہرہ کیا ہے، دفاعی تجزیہ کار ایئر مارشل (ر) ریاض الدین شیخ نے کہا کہ ہندوستان کو ابھی تک جنگی جنون چڑھا ہوا ہے۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان ہر طرح سے تیار ہے لیکن ہماری ترجیح خطے کا امن ہے، وزیراعظم عمران خان نےایک دفعہ پھر امن اور مذاکرات کی بات کی ہے، تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت کو ان کیمرہ بریفنگ دی گئی ہے، آرمی چیف، ڈی جی آئی ایس پی آر اور میں نے سیاسی قیادت کو اعتماد میں لیا، سیاسی قیادت کے مثبت کردار پر ان کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں ،پاکستان نے پہلے دن سے کوئی بڑھک نہیں ماری بلکہ نپی تلی بات کی جس میں امن کا پیغام اور تعاون کا عندیہ موجود تھا،وزیراعظم پاکستان کے پیغام کو پوری دنیا نے سراہا ہے،مشرقی سرحد پر جنگی کیفیت میں مبتلا ہونا پاکستان کے مفاد میں نہیں ہے، ہماری توجہ مغربی سرحد اور امن پر ہے، آج دوحہ میں گفتگو کا سلسلہ جاری ہے جس میں پاکستان مثبت کردار ادا کررہا ہے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ چین، سعودی عرب اور ایران کے وزرائے خارجہ نے تعاون کا یقین دلایا ہے، ہماری خواہش ہے کہ حالات جلد معمول کی طرف لوٹیں، ہمیں ہر واقعہ کیلئے تیار رہنا چاہئے،عمران خان نے اسٹیٹس مین شپ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مدبرانہ بیان دیا، ہم کسی کی تکلیف میں خوش نہیں ہیں، نہ کسی جانی نقصان کے خواہاں ہیں نہ خوشی کے شادیانے بجانا چاہتے ہیں، ہم امن واستحکام اور ملک کی ترقی چاہتے ہیں۔ نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے اجلاس میں حکمت عملی کا تعین کیا اور اس پر عمل بھی کیا، پاکستان ہر قسم کی صورتحال کیلئے تیار ہے۔ ن لیگ کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کی پارلیمانی قیادت بریفنگ میں موجود تھی، اپوزیشن پاکستان کی جغرافیائی حدود کی حفاظت کیلئے متحد ہے اور حکومت کو غیرمشروط تعاون دے گی،بریفنگ میں تمام سیاسی و عسکری قیادت موجود تھی، پاکستان نے ہر مرحلہ پر محتاط رویہ کا مظاہرہ کیا ہے، جنگ میں کسی ایک فریق کی نہیں پورے خطے کی تباہی ہوگی، ہمیں ملک کے تقدس کی حفاظت کرنے کے ساتھ امن کو بھی موقع دینا ہے، ان کیمرا بریفنگ میں وزیراعظم بھی ہوتے تو میٹنگ کی قوت میں مزید اضافہ ہوجاتا۔ پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمٰن نے کہا کہ ان کیمرہ بریفنگ میں سیرحاصل اور بامقصد گفتگو ہوئی، تمام جماعتوں نے یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے، پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے پہلے بریفنگ میں بہت سی چیزیں واضح ہوگئی ہیں، ہندوستان کو پاکستان کی امن کی پیشکش قبول کرلینی چاہئے، پاکستان نے ہندوستان کی کارروائی کا سخت اور موثر جواب دیا ہے۔ دفاعی تجزیہ کار ایئر چیف (ر) مارشل سہیل امان نے کہا کہ پاک فضائیہ نے جارحانہ اور دفاعی صلاحیتوں کا بہت اچھا مظاہرہ کیا ہے، پاکستان نے اچھا پیغام بھیجا کہ ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن ہم پر جنگ تھوپی گئی تو آپ کو نتائج کا سامنا کرنا ہوگا، پاک فضائیہ کے پاس تمام جنگی طیارے بہت اچھے ہیں، ہمارے ایف سیون بھی بہت اپ ڈیٹ ایئر کرافٹ ہیں، بھارتی مگ 21طیارے پرانے مگر موڈیفائڈ جہاز ہیں، بھارت مسلسل مگ 21طیاروں کا استعمال کررہا ہے لہٰذا یہ درست نہیں کہ ان طیاروں کو جنگ کے میدان میں نہیں لانا چاہئے تھا۔ دفاعی تجزیہ کار ایئر مارشل (ر) ریاض الدین شیخ نے کہا کہ ہندوستان کو ابھی تک جنگی جنون چڑھا ہوا ہے، جب تک نریند مودی اور الیکشن کا موسم ہے ہندوستان کچھ بھی کرسکتا ہے، پلوامہ حملہ کے شواہد بتاتے ہیں کہ یہ مقامی پلان اور مقامی کا حملہ تھا، دنیا خاص کر پاکستان انڈیا سے پلوامہ حملے کے ثبوت مانگ رہا تھا، انڈیا پلوامہ حملے میں پاکستان کے ملوث ہونے کا کوئی ثبوت نہیں دے سکا۔ میزبان شاہزیب خانزادہ نےتجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ خطے پر جنگ کے بادل منڈلارہے ہیں، بھارت نے منگل کو جارحیت کی جس کا پاکستان نے بدھ کو بھرپور جواب دیدیا ہے، خدشات جنم لے رہے ہیں کہ آگے کیا ہوگا، کیا جواب آئے گا اور کس نوعیت کا جواب آئے گا اور جب جواب آئے گا تو اس جواب کا جواب کیا ہوگا،بدھ کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے تینوں سروسز چیفس اور قومی سلامتی کے مشیروں سے ملاقات کی، بھارت اب کیا کرے گا کچھ پتا نہیں مگر بدھ کو پاکستان نے ایک دفعہ پھر امن کا پیغام دیا، صبح پاکستانی طیاروں نے لائن آف کنٹرول سے بھارت میں چھ مقامات کو ہدف بنایا اور پھر جب بھارتی طیارے پیچھے آئے اور ایل او سی کی خلاف ورزی کی تو پاکستان نے ان کے دو طیارے مار گرائے جبکہ ایک پائلٹ کو گرفتار بھی کرلیا، ڈی جی آئی ایس پی آر نے گرفتار بھارتی پائلٹ سے متعلق ٹوئٹ میں بتایا کہ اس کا نام ابھے آنند ہے اور وہ ونگ کمانڈر ہے، گرفتار بھارتی پائلٹ کی ویڈیو بھی سامنے آئی جس میں وہ مطمئن دکھائی دیا،وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب کیا اور بدھ کو پیش آنے والے واقعہ کی تفصیلات بتائیں اور پھر امن کا پیغام دیا، سول و عسکری قیادت نے پاکستان کی ساری سیاسی قیادت کو ان کیمرہ بریفنگ بھی دی۔ شاہزیب خانزادہ نے تجزیے میں مزید کہا کہ بھارت میں اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما راہول گاندھی پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس نہ بلانے پر نریندر مودی پر تنقید کررہے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے بدھ کو بھارت کو پیغام دیا کہ ضروری ہے کہ ہم عقل اور حکمت سے کام لیں، انہوں نے کہا کہ میرا سوال ہے کہ جو ہتھیار پاکستان اور بھارت کے پاس ہیں کیا ہم ان کا غلط استعمال کرسکتے ہیں، پاکستان نے بھارت کو جواب دینے کے ساتھ ایک بار پھر امن کا پیغام دیدیا ہے۔
تازہ ترین