اسلام آباد (نمائندہ جنگ/ایجنسیاں) سنگین غداری کیس کی سماعت کے لئے قائم خصوصی عدالت نے طبی رپورٹ باضابطہ جمع نہ کرانے پر برہمی کا اظہار کیا اور پرویز مشرف کو 3نومبر2007کوایمرجنسی کے نفاذ کے حوالہ سے اپنابیان قلمبند کرانے کیلئے31مارچ کوطلب کرلیاہے جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے مقدمہ کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی استدعا مسترد کردی ہے ،جسٹس مظہرعالم میاں خیل کی سر براہی میں جسٹس یاورعلی اورجسٹس طاہرہ صفد رپرمشتمل تین رکنی خصوصی بنچ نے منگل کے روز مقدمہ کی سماعت کی تو پراسیکیوٹراکرم شیخ ایڈوکیٹ پیش ہوئے جبکہ ملزم پرویز مشرف کے وکیل بیرسٹر فروغ نسیم موجود نہ تھے ،اکرم شیخ ایڈوکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ خصوصی عدالت نے 14نومبر2014 کوہدایت کی تھی کہ سابق وزیراعظم شوکت عزیز،سابق جج عبدالحمید ڈوگراورسابق وفاقی وزیرزاہدحامد کو بھی شامل تفتیش کرکے ان کے بیانات قلمبند کئے جائیں ، تاہم اس فیصلہ کو ملزمان نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا، لیکن وہاں پر کیس کی دوبارہ تحقیقات پرآمادگی ظاہرکی تھی، مقدمہ کی معمول کی کارروائی مکمل ہونے کے ساتھ گواہوں کے بیانات بھی قلمبندہو چکے ہیں ، اور ان پرجرح بھی مکمل کرلی گئی ہے اوراب کریمنل پروسیجر کی دفعہ 242کے تحت ملزم پرویزمشرف نے اپنا بیان ریکارڈ کرواناہے اس لئے انہیں طلب کیاجائے، سپریم کورٹ نے اپنے حالیہ فیصلہ میں قرار دیا ہے کہ خصوصی عدالت کو اس مقدمہ میں کسی فردکانام شامل کرنے کااختیارنہیں ہے اور کسی کیخلاف شکایت درج کرانے کا اختیار صرف وفاقی حکومت کے پاس ہے ، جسٹس مظہرعالم نے ان سے استفسارکیاکہ اگرملزم کو عدالت میں حاضری سے استثنیٰ حاصل ہوتب کیاصورت ہوسکتی ہے؟ جس پراکرم شیخ نے کہاکہ عدالت نے پرویزمشرف کوحاضری سے استثنیٰ نہیں دیاہے،جس پر ملزم کے وکیل فیصل چوہدری نے موقف اختیار کیا کہ ان کا موکل ضمانت پرہے اور اسے طبی بنیادوں پر عدالت میں حاضری سے استثنیٰ دیا جائے ،انہوں نے عدالت میں ملزم کی میڈیکل رپورٹس بھی پیش کیں تاہم فاضل عدالت نے ناپسندیدگی کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ یہ رپورٹس یہاں کی بجائے عدالت کے متعلقہ شعبہ میں باضابطہ طور پر جمع کرائی جائیں،جسٹس مظہرعالم میاں خیل نے کہا کہ ہم عبدالحمید ڈوگرکیس کے سپریم کورٹ کے فیصلہ کاجائزہ لیں گےجبکہ ملزم پرویز مشرف کو اپنا بیان قلمبند کروانے کیلئے آئندہ سماعت پر طلب کیا جائے گا،اکرم شیخ ایڈوکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ جسٹس فیصل عرب کے سپریم کورٹ میں جانے کے بعد خصوصی عدالت کی عدم تکمیل کی وجہ سے کافی عرصہ تک اس کیس کی باقاعدہ سماعت نہیں ہوسکی ہے،اب جبکہ فاضل جج،مسٹر جسٹس مظہرعالم میاں خیل کی شمولیت کے بعد عدالت مکمل ہوگئی ہے ،اس لئے استدعاہے کہ آج کے بعد روزانہ کی بنیادپرکیس کی سماعت کی جائے تاہم فاضل عدالت نے ان کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ملزم پر ویز مشرف کو آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 31 مارچ تک ملتوی کردی ۔