ویسے تو بالی ووڈ سے لے کر ہالی ووڈ تک، ہر سال ہی کئی مشہور فلموں کے سیکوئل ریلیز ہوتے ہیں۔ تاہم اگر2019ء کو سیکوئل فلموں کا سال قرار دیا جائے تو غلط نہ ہوگا کیونکہ اس سال ہالی ووڈ کی بڑی بڑی فلموں کے سیکوئل ریلیز ہونے جارہے ہیں اور ایسا پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا۔ آئیے نظر ڈالتے ہیں 2019ء کے دوران متوقع طور پر ریلیز ہونے والی ہالی ووڈ فرنچائز فلموں کی۔ان فلموں کے علاوہ رواں سال STAR WARS EPISODE IX، THE LEGO MOVIE 2، JUMANJI 2 اور دیگر کچھ فلموں کے سیکوئل بھی ریلیز کیے جائیں گے۔
AVENGERS 4
یہ Avengersسیریز کی چوتھی اور غالباً آخری فلم ہے، جسے سال رواں کی سب سے زیادہ انتظار کی جانے والی فلموں میں شمار کیا جارہا ہے۔ فلم کو 24مئی کو ریلیز کرنے کے لیے تیار کیا جارہا ہے ۔ گزشتہ سال 12نومبر کو انتقال کرجانے والے اسٹین لی کو اس فلم میں آخری بار دیکھا جاسکے گا، جنھوں نے اپنے حصے کا کام اپنی موت سے پہلے مکمل کروالیا تھا۔ فلم کی ہدایات انتھونی اور جو رَسو نے دی ہیں۔
GODZILLA: KING OF THE MONSTERS
گوڈزیلا فرنچائز کی نئی فلم 2014ء میں ریلیز ہونے والی گوڈزیلا کا براہِ راست سیکوئل ہے، جس کا شمار خوش قسمتی سے اس فرنچائز کی چند بہترین فلموں میں ہوتا ہے۔کاسٹ میں کائلی شینڈلر، ویرا فارمیگا اور مِلی بوبی براؤن شامل ہیں جبکہ X-Men: Apocalypseکو ڈائریکٹ کرنے والے مائیکل ڈارٹی اس فلم کی ہدایتکاری کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ فلم 31مئی کو ریلیز ہوگی۔
X-MEN: DARK PHOENIX
ایکس مین کی نئی فلم میںجب جین گرے کو اپنی ہی ناقابلِ یقین طاقت مرغوب کرلیتی ہے تو ایکس مین کو اب تک کے سب سے طاقتور اور خطرناک ترین دشمن کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ جب غیر ارضی قوتوں کے ارادے آشکار ہونے لگتے ہیں تو جین اور کہکشان کو بچانےکی ذمہ داری ایکس مین پر آن پڑتی ہے۔ فلم 7جون کو ریلیز ہوگی۔ ڈائریکشن کی ذمہ داریاں سائمن کنبرگ نبھائیں گے۔
THE SECRET LIFE OF PETS 2
2016ء کی کامیڈی فلم The Secret Life of Petsنے ہمیں بتایا تھا کہ جب ہم آس پاس نہیں ہوتے تو ہمارے پالتو جانور کیا کرتے ہیں۔ Louis C.K.پر جنسی ہراسگی کے الزامات سامنے آنے کے بعد نئے سیکوئل میں میکس دی ڈاگ کا کردار پیٹون آسوالٹ ادا کریں گے،باقی کاسٹ وہی رہے گی۔ فلم 7جون کو ریلیز ہوگی۔
TOY STORY 4
بہت کم فرنچائز ایسی ہوتی ہیں، جن کی ہر فلم باکمال ثابت ہوتی ہے۔ Toy Storyکا شمار ایسی ہی فرنچائز موویز میں ہوتا ہے، جن کی گزشتہ تینوں فلمیں لاجواب رہی ہیں۔ اب اس فرنچائز کی چوتھی فلم 21جون کو ریلیز ہونے جارہی ہے۔نئی فلم میں ووڈی اور بو پیپ کی محبت کی کہانی کو بیان کیا جائے گا اور سبھی کو توقع ہے کہ فرنچائز کی گزشتہ تینوں فلموں کی طرح یہ فلم بھی ماسٹر پیس ثابت ہوگی۔
SPIDER-MAN: FAR FROM HOME
’’اسپائڈرمین: ہوم کمنگ‘‘ 2017میں ریلیز ہوئی تھی، اب اس فلم کا سیکوئل 5جولائی 2019کو بین الاقوامی ریلیز کے لیے پیش ہورہا ہے۔ سیکوئل میں پیٹرپارکر اور اس کے دوست گرمیوں کی چھٹیاں منانے یورپ جاتے ہیں۔نِک فیوری غیرمتوقع طور پر انھیں اپنے ہوٹل کےکمرے میں نظر آتے ہیں، جس کے بعد انھیں اسپائڈرمین بن کر شیطان صفت مِسٹیریو کے خلاف لڑنا پڑتا ہے۔
KINGSMEN 3
یہ ہالی ووڈ کی ایک کامیاب ترین ایکشن اسپائے کامیڈی فرنچائز ہے۔ سیریز کی پہلی دو فلموں میں مزاح، ایکشن اور مرکزی کرداروں میں پُرانے اور نئے اداکاروں کی بہترین اداکارانہ صلاحیتیں دیکھنے کو ملی تھیں۔ یہ دراصل پہلی دو فلموں کا Prequelہے، فلم کی کہانی کے بارے میں ابھی کچھ نہیں بتایا گیا، تاہم اب کی بار ٹارون ایجرٹن نظر نہیں آئیں گے۔ فلم 24ستمبر کو ریلیز ہوگی۔
FROZEN 2
فروزن سب سے زیادہ کمائی کرنے والی اینیمیشن مووی سمجھی جاتی ہے۔ اس لیے ڈِزنی کے لیے یہ ممکن ہی نہیں ہے کہ اس فرنچائز کو مزید آگے نہ لے جائے۔ نئی فرنچائز میں اینا، ایلسا اور اولاف کو پھر سے دیکھا جاسکے گا۔فلم میں ایوان راشیل بھی نظر آسکتی ہیں۔ 2013ء میں ریلیز ہونے والی ’فروزن‘ کا سیکوئل29نومبر کو دنیا بھر میں ریلیز ہوگا۔