ویسے تو سارا سال ہی شادیاں ہوتی رہتی ہیں لیکن سردیوں میں شادیوں کا سیزن اپنے عروج پر ہوتا ہے۔ زیادہ تر لوگ گرمیوں کے مقابلےمیں سردیوں میں شادی کی تقریبات کا انعقاد کرنا بہتر تصور کرتے ہیں ۔سردی میں نہ تو بیس خراب ہونے کی فکر ہوتی ہے اور نہ ہی گرمی کی ٹینشن۔ ہمارے یہاں شادی کی تقریبات میں دلہن کے ساتھ ساتھ دیگر خواتین بھی شد ومد سے تیار ہوتی ہیں۔ شادی کی تقریب میں جائیں تو دلہن کے علاوہ اس کی بہنوں اور کزنز کی تیاری دیکھنے والی ہوتی ہے۔ اس ضمن میں وہ اپنی پسندیدہ سیلیبرٹیز سے انسپریشن لیتے ہوئے کوشش کرتی ہیں کہ ان کو فالو کرتے ہوئے اپنی خوبصورتی میں اضافہ کریں اور شادی بیاہ کی تقریب میں نمایاں نظر آئیں۔ تو آئیے آج ہم آپ کو پاپ اسٹار ریہاناکے میک اَپ آرٹسٹ پریسیلا اونو(Priscilla Ono)کی کچھ بیوٹی ٹپس بتاتے ہیں ۔
٭اگر آپ بھی بیس کو لے کر کنفیوژن کا شکار ہیں تو پاپ اسٹار ریہانا کی میک اَپ آرٹسٹ پریسیلا اونو کا مشورہ آپ کے لیے مفید ثابت ہوسکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے فاؤنڈیشن کو ہر جگہ اپلائی کرنے سے بہتر ہے کہ صرف ان جگہوں پر لگایا جائے، جہاں آپ ضروری سمجھتے ہوں۔ پریسیلا اونو کا کہنا ہے کہ وہ ریہانا کے میک اَپ کے دوران اسی تکنیک پر کام کرتی ہیں۔
٭میک اَپ آرٹسٹ پریسیلا اونو کا کہنا ہے کہ فاؤنڈیشن اپلائی کرنے کے لیے اسفنج کا استعمال نہ کریں۔ اس کے بجائے فاؤنڈیشن کے لیے برش یا انگلیوں کا استعمال زیادہ سو دمند ثابت ہوسکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ فاؤنڈیشن کو برش یا انگلیوں کی مدد سے پھیلائیں، آپ کے ہاتھوں کی حرکت تھوڑی سے گالوں کی جانب گولائی میں ہونی چاہئے۔ پریسیلا اونو چہرے پر برش کی مدد سے فاؤنڈیشن اپلائی کرنا زیادہ بہتر سمجھتی ہیں۔
٭ ریہانا کی میک اَپ آرٹسٹ پریسیلا اونو کا اگلا مشورہ لائنر سے متعلق ہے کیونکہ اکثر خواتین کو لائنر لگانے میں مشکل درپیش ہوتی ہے۔ اس حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ اگر آپ کو آنکھوں میں ایک سیدھ میں لائنر لگانے میں مشکل پیش آتی ہے تو ڈاٹ ٹو ڈاٹ کا فارمولا اپنائیں۔ نقطوں سے نقطے ملانا اورلفظوں کو سکھانا بچوں کے لیے ہی نہیں آپ کے لیے بھی اہم ہے۔ آنکھوں پر ہلکے ہلکے ڈاٹ ڈالیں اور پھر لائنر اپلائی کریں اور یہ فارمولا تب تک اپلائی کرتی رہیں جب تک آپ ایک سیدھ میں لائنر لگانا نہ سیکھ جائیں۔
٭ خواتین کی اکثریت کیل مہاسوں اور داغ دھبوں سے نجات حاصل کرنے کے لیے ڈرماٹولوجسٹ کو دکھانے کے بجائے گھریلو نسخوں کے استعمال کو بہتر سمجھتی ہے۔ اس حوالے سے پریسیلا اونوخاص تاکید کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ چہرے کے کیل مہاسے دور کرنے یا چہرے کو نرم و ملائم بنانے کے لیے ہر قسم کے گھریلو نسخے اور ٹوٹکے مت آزمائیں۔ ان ٹوٹکوں سے کبھی فائدہ ہوتا ہے تو کبھی نقصان، لہٰذا انہیں اپناتے ہوئے خاصی سوچ بچار سے کام لیں، خاص طور پر فیشل کرانے سے پہلے چہرے پر کسی بھی قسم کاٹوٹکا نہ آزمائیں۔ ان ٹوٹکوں کی وجہ سے چہرے کے مسام بھر جاتے ہیں، جس کے باعث کریم کو اندر داخل ہونے کی جگہ نہیں مل پاتی۔
٭ہائی لائٹر کا استعمال چہرے کو چمک بخشتا ہے لیکن اس کی زیادہ مقدار آپ کے میک اَپ پر اثر انداز ہوتی ہے ریہانا کی میک اَپ آرٹسٹ پریسیلا اونو کا کہنا ہے کہ پہلے وہ رخسار کی ہڈی پر ایک ہلکے رنگ کا ہائی لائٹر بلینڈ کرتے ہوئے جب کنپٹی پر پہنچتی ہیں تو اسی رنگ کا ہائی لائٹر اپلائی کرنے کے بجائے کانوں اور آئی کارنر کے گرد گہرے رنگ کا ہائی لائٹر استعمال کرتی ہیں۔