• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

علم نجوم میں دائرۃ البروج کے 330سے360درجات پر مشمل حصہ، برج حوت (Pisces) کہلاتا ہے۔ فطری ترتیب کے لحاظ سے یہ بارہواں برج ہے۔ شمس 19فروری سے 20مارچ تک اس برج میں گردش کرتا ہے۔ برج حوت کے حاکم سیارے مشتری (Jupiter) اور نیپچون (Neptune)، فطرت متلون مزاج، نشان یا علامت مچھلی، عنصر یا مادہ پانی، جنس مؤنث، خوش بختی کا دن جمعرات، رنگ سمندری سبز رنگ(Sea green) ، خوش بخت بروج سنبلہ اورثور، پتھر پکھراج اور مرجان ہیں، خوش بختی کے اعداد3,7,12جبکہ درس و تدریس، صحافت، سیاست، بحری، دفاعی، ماہی گیری، جہاز رانی اور شعبہ طب میں کاروبار یا نوکری موافق رہتی ہے۔

برج حوت کے تحت پیدا ہونے والے افراد بنیادی طور پرعقلمند، فنکارانہ صلاحیتوں کے حامل، موسیقی سے شغف رکھنے والے اور شفیق طبیعت کے مالک ہوتے ہیں۔ حوت کے منفی پہلوؤں میں خوف، اداسی، ضرورت سے زیادہ بھروسہ کرنا، حقیقت سے نظریں چرانا نمایاں ہیں۔

شخصیت کا جائزہ

اس برج سے تعلق رکھنے والے افراد کی قوت ادراک بہت زیادہ ہوتی ہے۔ حالات کے مطابق چلنے والے ہوتے ہیں اور اپنے اردگرد لوگوں کو اور ان کی بات کو تسلیم کرتے ہیں۔ یہ افراد بہت دوستانہ ہوتے ہیں اور اکثر و بیشتر مختلف شخصیات کی محفل میں وقت گزارنا پسند کرتے ہیں۔ کسی بھی مہم میں لیڈر بننے کی تمنا کیے بغیر یہ دلجمعی سے کام میں جُت جاتےہیں۔بغیر کسی لالچ کے وہ دوسروں کی مدد کرنا پسند کرتے ہیں۔ برج حوت کی حامل شخصیات فنکارانہ صلاحیتوں کی حامل ہوتی ہیں، بالخصوص ان کا موسیقی میں کافی لگاؤ ہوتا ہے۔ یہ افراد بہت فراخ دل، انتہائی وفادار اور خیال رکھنے والے ہوتے ہیں۔

شوبز کی چند معروف حوت شخصیات

جیسا کہ ہم نے پہلے بھی ذکر کیا کہ برج حوت والی شخصیات موسیقی سے گہرا لگاؤ رکھتی ہیں، اسی وجہ سے کئی نامور گلوکاروں کا برج آپ کو حوت ملے گا۔ آئیے برج حوت کی حامل چند نامور سیلیبرٹیز پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔

عاطف اسلم

12مارچ 1983ء کو وزیرآباد میں پیدا ہونے والے عاطف اسلم، پاکستان کی میوزک انڈسٹری کا ایک بڑا نام ہیں، جو نہ صرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی سطح پر خوب پذیرائی حاصل کررہے ہیں۔ ان کے گانے نوجوان نسل کے لبوں پر ہوتے ہیں، کنسرٹس میں تو عاطف جان ڈال دیتے ہیں۔ وہ اب تک کئی مشہور گانے گا چکے ہیں، جن میں پاکستان اور پاک افواج کیلئے ملی نغمے بھی شامل ہیں۔ انھیں 2008ء میں حکومتِ پاکستان کی جانب سے تمغہ امتیاز سے بھی نوازا جاچکا ہے۔

جسٹن بیبر

یکم مارچ 1994ء کو پیدا ہونے والے کینیڈین پاپ اسٹار جسٹن بیبر کو دنیا بھر میں موسیقی کے’پاپ پرنس‘کی حیثیت حاصل ہے۔ انھوں نے چھوٹی عمر میں بے پناہ مقبولیت کے ساتھ ساتھ بے پناہ آمدنی بھی حاصل کی، وہ ایک گانے کا معاوضہ کروڑوں ڈالرز میں لیتے ہیں۔2008ء میں اپنا میوزک کیریئر شروع کرنے والے جسٹن بیبر وہ پہلے آرٹسٹ بن گئے جن کے ڈیبیو البم کے 7گانے بلبورڈ ہاٹ 100میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے۔ انھیں عالمی سطح پر بیسٹ سیلنگ آرٹسٹ مانا جاتا ہے۔

ریہانا

دنیا کی مقبول گلوکارہ ریہانا نے اپنےکیریئر کے ابتدائی 10 سالوں میں سولو سنگر کی حیثیت سےبل بورڈہاٹ100چارٹ پر 14مرتبہ اپنا نام اوّل نمبر پر درج کروایا۔ 20 فروری 1988ء کو سینٹ مائیکل بارباڈوس میں پیداہونے والی گلوکارہ، اداکارہ اور بزنس وومن ریہانا کے اب تک 5کروڑ40لاکھ سے زائد میوزک البم اور2ارب سے زائد ٹریک فروخت ہوچکے ہیں۔ ریہانا نے متعدد ایوارڈز بھی اپنے نام کیے ہیں، جن میں 12امریکی میوزک ایوارڈ، 12بلبورڈ میوزک ایوارڈ، 2برٹ ایوارڈ اور9گریمی ایوارڈ شامل ہیں۔

قرأۃ العین بلوچ

قرأۃ العین بلوچ، جنھیں ’کیو بی‘ کے نام سے جانا جاتا ہے، 4مارچ 1988ء کو ملتان میں پیدا ہوئیں۔ انھوں نے 2011ء میں اپنے کیرئیر کا آغاز کیا اور نہایت قلیل عرصے میں عوام میں بے پناہ مقبولیت حاصل کر لی۔ دلچسپ بات یہ کہ انھوں نے میوزک انڈسٹری میں آنے سے قبل موسیقی کی کوئی باقاعدہ تربیت حاصل نہیں کی تھی۔ وہ نصرت فتح علی خان، محمد جمن اور پٹھانے خان جیسے گلوکاروں کو سنتے ہوئے بڑی ہوئیں۔ گزشتہ سال انھوں نے امریکی گلوکار جیسن ڈیرولو کے ساتھ فیفا ورلڈ کپ 2018ء کے لیےگانا بھی گایا تھا۔

نیلم منیر

20مارچ 1985ء کو کراچی میں پیدا ہونے والی پاکستان کی معروف ماڈل اور اداکارہ نیلم منیر اب تک کئی ڈراموں میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھاچکی ہیں۔ 2010ء میں کیریئر کی شروعات ہوئی تو اس کے بعد پلٹ کر نہ دیکھا، ان کے مقبول ڈراموں کی فہرست ویسے تو کافی طویل ہے تاہم چند مشہور ڈراموں میں میری بہن مایا، اشک، میری صبح کا ستارہ، دل عشق، کیسے ہوئے بےنام، تیرے بنا اور بوجھ وغیرہ شامل ہیں۔نیلم منیر ایک فلم میں بھی کام کرچکی ہیں اور آئندہ بھی اچھے کردار قبول کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

آئمہ بیگ

پاکستان کی اُبھرتی ہوئی گلوکارہ آئمہ بیگ کی آواز کا جادو آجکل سرچڑھ کر بول رہا ہے۔ 10مارچ 1989ء کو رحیم یار خان میں پیدا ہونے والی گلوکارہ نے انتہائی کم وقت میں میوزک انڈسٹری میں نہ صرف اپنا نام بنایا ہے بلکہ اپنے چاہنے والوں کے دلوں پر راج بھی کرنے لگی ہیں۔ 2016ء میں کیرئیر کا آغاز کرنے والی آئمہ بیگ کو خصوصی مواقع پر گلوکاری کیلئے بھی مدعو کیا گیا، جن میں گزشتہ سال 6ستمبر کو ہونے والی تقریب اور پاکستان سپر لیگ سیزن 4کی افتتاحی تقریب قابلِ ذکر ہیں۔ 

تازہ ترین