عمر کا کوئی بھی حصہ ہو، تمام خواتین ہروقت خوبصورت دکھنا چاہتی ہیں لیکن بڑھتی عمر کے ساتھ ساتھ جِلد میں بہت سی تبدیلیاں بھی رونما ہوتی ہیں۔ اگر میک اَپ جِلد کی ساخت کے مطابق نہ کیا جائے تو بعض خواتین وقت سے پہلے ہی زائد العمر لگنے لگتی ہیں۔ چنانچہ اگر آپ کا رنگ و روپ ماند پڑ رہا ہے اور آپ کئی سال سےایک جیسا میک اَپ کررہی ہیں تو اب اسے بدل ڈالیں لیکن اس سے پہلے آپ کے لئے یہ جاننا ضروری ہے کہ کس عمر میں کیسا میک اَپ کرنا چاہیے؟ بیوٹی ماہرین نے اس مسئلہ کو حل کرتے ہوئے چند تجاویز دی ہیں کہ20برس کی لڑکیوں سے لے کر40برس سے زائدعمر کی خواتین پر کیسا میک اَپ اچھا لگے گا، جس سے وہ عمر کے ہر حصے میں جوان اور حسین نظر آئیں۔
20سے30سال
اس عمر میں تو ویسے ہی جِلد آپ کی طرح جوان اور صحت مند ہوتی ہے، اس عمر میں آپ جیسے چاہیں بنیں سنوریں، سب ہی اچھا لگتا ہے۔ آپ چاہے کم میک اَپ کریں یا زیادہ،ہلکا کریں یا شوخ،ہر انداز میں آپ نمایاں لگیں گی۔ ویسے آپ چاہیں تو ہر بار نیاانداز بھی اپنا سکتی ہیں۔ اس عمر میں اپنے مزاج کے مطابق نت نئے تجربات کرنے میں بھی کوئی حرج نہیں مثلاً آپ شوخ رنگ کے شیڈز استعمال کرسکتی ہیں، اگر آپ مکمل میک اَپ نہ بھی کرنا چاہیں تو صرف شوخ رنگ کی لپ اسٹک لگا کر بھی پُرکشش لگا جاسکتا ہے۔ اگر آپ30برس کے قریب ہوں تو کوشش کریں کہ میک اپ کے ہلکے شیڈز استعمال کریں تاکہ آپ کی شخصیت میں بچوں جیسی خوبصورتی جھلکے اور اس کا قدرتی اثر برقرار رہے۔ ایسا نہیں ہے کہ آپ عمر کے اس حصے میں نئے تجربات نہیں کرسکتیں لیکن کوشش کریں کہ غیر نمایاں بیس یا فاؤنڈیشن لگائیں ۔ اس کے علاوہ لپ اسٹک، بلش آن یا آئی شیڈو کے لئے پنک اور پیچ کلرز بہتر رہیں گے ۔
30سے40سال
عمر کے اس حصےمیں آپ کو اپنے میک اَپ اور سجنے سنورنے کے انداز پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے۔ اس عمر کو پہنچنے تک آپ کی شخصیت کا تاثر لوگوں کے ذہنوں پر نقش ہو چکا ہوتا ہے، اس لئے نت نئے تجربات سے گریز کریں یعنی اگر آپ بہت زیادہ میک اَپ کرنے کی عادی نہیں ہیں تو معمول سے ہٹ کر کوئی تجربہ نہ کریں اور اگر آپ مکمل میک اَپ کرتی ہیں تو یہی انداز برقرار رکھیں۔ دراصل اس عمر میں شخصیت میں آنے والی پختگی چہرے پر بھی جھلکتی ہے، اس لئے اگر آپ نسبتاً سنجیدہ مزاج کی ہیں تو شوخ اور نمایاں میک اَپ ہرگز نہ کریں تا کہ آپ کی شخصیت کا اندرونی اور بیرونی تاثر یکساں رہے۔
40سال سے زائد
اس عمر میں میک اَپ اور اینٹی ایجنگ کریمز کےعلاوہ آپ کو اپنی خوراک میں ایسی غذائیں بھی شامل کرنا پڑیں گی، جو بڑھتی عمر کے اثرات کو کم کرنے کے حوالے سے مشہور ہیں کیونکہ جونہی خواتین 40 سال کی عمر کو پہنچتی ہیں تو ان کی جِلد میں آنے والی تبدیلیاں نمایاں ہونے لگتی ہیں۔ عمر کے اس د ور میںجِلد کے اندر قدرتی پروٹین کی مقدار کم ہوجاتی ہے، جس سے جِلد ڈھلنے لگتی ہے، رنگ و روپ ماند پڑنے لگتاجبکہ جھریاں نمایاں ہو نے لگتی ہیں۔ ماہرین مشورہ دیتی ہیں کہ ایسے میں آپ اینٹی ایجنگ کریم اور لوشن استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ جِلد کی تازگی برقرار رکھنے کے لئے سپلیمنٹس بھی استعمال کریں تاکہ جِلد میں آنے والی تبدیلیوں کی رفتار کو سست کیا جاسکے۔ عموماََہر عمر کی خواتین کو سن بلاک ضرور استعمال کرنا چاہیے مگر40سال کے بعد اس کے استعمال میں ہرگز لاپروائی نہ کریں۔ ایسا میک اَپ کریں جس سے آپ کے چہرے کے تمام خدوخال نمایاں ہوں مثلاً بھنویں، ہونٹ اور پلکوں پر خاص توجہ دیں تاکہ آپ کے چہرے کا مجموعی تاثر خوشگوار لگے۔ اسی طرح جب آپ50سال کے قریب ہوں تو میک اَپ میں مزید نئے تجربات کرنے سے گریز کریں یعنی میک اَپ کے وہی شیڈز استعمال کریں جو آپ پر جچتے ہوں۔ اس عمر میں گہرے اور شوخ رنگ ہرگز نہ لگائیں بلکہ ہلکے اور غیر نمایاں شیڈز سے میک اَپ کریں تاکہ آپ ترو تازہ نظر آسکیں۔ سب سے اہم بات، میک اَپ ایسا کریں جس میں آپ باوقار لگیں اور جو کچھ بھی استعمال کریں ، وہ آپ کی خوبصورتی کے مطابق جچ رہا ہو۔
اس ضمن میں آپ انٹرنیٹ پر قابل اعتبار ویب سائٹس پر موجود ماہرین کے مشوروں پر عمل کرکے اپنی جِلد کے مسائل پر مشورہ حاصل کرکے اپنی ہم عمر خواتین میں نمایاں نظر آسکتی ہیں۔