• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرانس کے شہر لیون میں کشمیریوں سے یکجہتی کیلئے مظاہرہ

پیرس (رضا چوہدری) فرانسیسی مرد و زن بھی کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے نکل پڑے، فرانس کے دوسرے بڑے شہر لیون میں پہلی بار بھرپور مظاہرہ جس کا اہتمام فرانس پاکستان دوستی و کلچرل ایسوسی ایشن لیون کے صدر سہیل انصاری، رانا ظفر اقبال، ذوالفقار اصغر، راجہ ناصر حمید، رانا محبوب، چوہدری شفیق اور ان کے ساتھیوں نے کیا۔ خواتین اور بچوں نے کثیر تعداد میں مظاہرے میں شرکت کی جب کہ پیرس سے جموں و کشمیر فورم کے چیئرمین نعیم چوہدری اور صدر مرزا آصف جرال نے کشمیریوں کے قافلے کے ساتھ مظاہرے میں شرکت کی۔ فرانس کی تاریخ میں پہلی بار دارالحکومت پیرس کے علاوہ کسی دوسرے شہر میں کشمیر کے لئے مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کے شرکا نے انڈیا کے خلاف سخت نعرے بازی کی اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کی۔ مظاہرے میں خواتین اور بچوں نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی، خاتون مقررہ نے فرانسیسی زبان میں کشمیریوں پر ہونے والے ظلم و ستم کو بیان کیا۔ فرانس پاکستان دوستی و کلچرل ایسوسی ایشن لیون کے صدر سہیل انصاری، ذوالفقار اصغر نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیر کے مظلوم لوگوں پر بھارتی ظلم و ستم اور درندگی کو بے نقاب کرنے کے لئے اس مظاہرے کا انعقاد کیا گیا ہے اور یہ مظاہرے جاری رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں پر ہونے والے ظلم اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کا پیغام یورپی یونین اور اقوام عالم تک پہنچائیں گے۔ جموں و کشمیر فورم کے چیئرمین نعیم چوہدری نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی جو الیکشن مہم کے لئے پاکستان کے ساتھ جنگ کی صورت میں جو ٹکر لینا چاہ رہا ہے بھارت کی عوام اور فوج کبھی بھی پاک فوج کا مقابلہ کرنے کی سکت نہیں رکھ سکتی، پاکستان ایئر فورس، پاکستان نیوی اور پاکستان آرمی نے انڈیا کو جو منہ توڑ جواب دیا ہے دیار غیر میں بسنے والے لاکھوں پاکستانیوں اور کشمیریوں کے سر فخر سے بلند کیے ہیں۔ ہمیں افواج پاکستان پر پہلے دن سے آج تک فخر ہے اور انشا اللہ رہے گا۔
تازہ ترین