• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاپان میں آٹھ سال پہلے قیامت خیزسونامی اور زلزلے میں جاں بحق ہونے والے جاپانیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور سانحہ میں لاہورکے رہائشی ایاز سلیم سندھو مرحوم کیلئے سالانہ دعائیہ تقریب کا باندو شہر کے معروف پاکستانی ریسٹورنٹ کے کمیونٹی ہال میں اہتمام کیا گیا۔

تقریب میں ٹوکیو ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر مسٹر اوکاوا، ٹوکیو ہائی کورٹ بار کی رکن محترمہ اوگاوا اورُمی، جاپان میں سوڈان کے سابق سفیر اور اسلامک سینٹر جاپان کے ڈائریکٹر ڈاکٹر موسیٰ محمد عمیر، سائتاما سٹی آفس کے کیوچی اوچی دا، سائتاما ہائی اسکول کے پرنسپل جناب ایسو آسو، پاکستان ایسوسی ایشن کے سابق صدر، اسلامک سوسائٹی جاپان کے چیئرمین، معروف مذہبی اور سماجی شخصیت جناب رئیس صدیقی مہمانان خصوصی تھے۔

اس دعائیہ تقریب کا آغازمفتی حسن رضا خان صاحب کی تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا اور اس کا جاپانی ترجمہ بھی کیا گیا۔

اس موقع پر جناب سیکی گوچی سُنا نے جاپان اور پاکستان کا قومی ترانہ پیش کیا اس کے بعد تمام شرکاء نے کھڑے ہو کر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔

تقریب کی نظامت کے فرائض پروگرام کے منتظم محمد انعام الحق نے انجام دیئے، اس کے بعد مہمانان خصوصی اور بنگلہ دیش کمیونٹی کے سربراہ جناب قمرالزمان، سینئر پاکستانی یوسف ہودو، آئی سی ایل کے چیئرمین سید جاوید زیدی، معروف سماجی کارکن نعیم الغنی آرائیں، محمد انعام الحق، محترمہ سکی گوچی مینو اور دیگر مقررین نے اظہارِ خیال کیا۔

پروگرام کی تمام کاروائی جاپانی زبان میں ہوئی، اس موقع پر باندو شہر کے میئر جناب کیمورا توشی فومی کا پیغام بھی پڑھ کر سنایا گیا۔

شرکا میں رائے تجمل حسین منج، سید یاسر عباس شاہ، محمد آصف بھٹی، معروف صحافی، صیحم عباسی، ملک امتیاز، ملک طاہر، محمد قمر مصطفائی، سید ثمر شاہ، کلیم خان اور کئی دیگر احباب بھی موجود تھے۔

پروگرام کے آخر میں شُرکاء کے لئے ڈنر کا بھی خصوصی انتظام تھا۔

یاد رہے کہ ا س سانحہ میں شہید ہونے والے واحد پاکستانی ایاز سلیم سندھو مرحوم کے ایصالِ ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی، پاکستان جاپان عالم اسلام کی ترقی، خوشحالی، امن سلامتی اور دنیا بھر میں دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے بھی خصوصی دعا کی گئی۔

اس موقع پر ہندوستان کی جانب سے پاکستان کے خلاف کی جانے والی جارحانہ جارحیت کشمیر کے مظلوم عوام اور ہندوستان کے مسلمانوں پر ہونے والے ظلم وستم کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔

جاپان اور اقوام عالم سے ان دونوں ایٹمی طاقتوں کے درمیان جنگ کے روک تھام کی فوری اقدام کی اپیل کی گئی۔

تازہ ترین