وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر اور پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے پاکستانی نژاد آسٹریلوی اوپنر عثمان خواجہ کے کھیل کی خوب تعریف کی۔
ایک بیان میں اسد عمر آسٹریلوی اوپنر کی تعریف میں ایک قدم آگے بڑھ گئے اور استفسار کیا کہ کیا خیال ہے 23 مارچ پر ایک قومی اعزاز عثمان خواجہ کو نہ دے دیا جائے؟
دوسری طرف ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے اپنی ٹوئٹ میں عثمان خواجہ کی سنچری کی تعریف کی اور لفظ ’اسٹرائیک‘ کو واضح طور پر لکھا۔
بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان 5 ایک روزہ میچوں کی سیریزمیں بھارت کو دو صفر کی برتری حاصل تھی اور اس نے تیسرے میچ میں فوجی ٹوپیاں پہن کر میچ کھیلا اور اس کے بعد لگاتار 3 میچز میں شکست سے دو چار ہوئی اور سیریز سے بھی ہاتھ دھو بیٹھی۔
وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے بھارت کے خلاف پاکستانی نژاد آسٹریلوی اوپنر کی بیٹنگ کو خوب سراہا اور تجویز دی کہ کیوں نہ کرکٹر عثمان خواجہ کو قومی اعزاز دے دیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی کھلاڑی میچز کے آغاز پر فوجی ٹوپیاں پہن کر میدان میں اترے تھے، بھارت کے خلاف عثمان خواجہ نے 2 سنچریوں سمیت 383رنز بنائے ہیں،ان کی پرفارمنس انتہائی شاندار رہی ہے۔
میجر جنرل آصف غفور نے اپنی ٹوئٹ میں عثمان خواجہ کے اسٹرائیک ریٹ کو سراہا اور اپنے پیغام میں لفظ اسٹرائیک کو نمایاں کیا اور ساتھ ہی آسٹریلوی اوپنر کی کارکردگی کی تعریف کی،انہیں سیریز کے آخری میچ میں سنچری بنانے پر انگریزی میں ’کیپ‘کا لفظ بھی تحریر کیا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران سرجیکل اسٹرائیک کا لفظ زیر گردش رہا،اسی تناظر میں بھارتی کے خلاف عمدہ کھیل پیش کرنے پر عثمان خواجہ کےلئے اس لفظ کو استعمال کیا گیا ہے۔