کراچی(اسٹاف رپورٹر) پی ایس ایل‘پشاور زلمی کو شکست دیکر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز فائنل میں پہنچ گیا۔میچ کے دوران کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بولر فواد احمد کے چہرے پر گیند لگ گئی جس سے ان کے 2دانت ٹوٹ گئے تاہم ان کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔جب کہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑی شین واٹسن کا کہنا تھا کہ کراچی کے لوگ مہمان نوا ز، جب کہ کرائوڈ سپورٹنگ ہے۔تفصیلات کے مطابق،پی ایس ایل فور کے کوالیفائر میچ میںکوئٹہ گلیڈی ایٹرنے شین واٹسن کے آخری جادوئی اوور کی عمدہ کارکردگی اور کپتان سرفراز احمد کی لاجواب کپتانی سے پشاور زلمی کو دس رنز سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کر لی کوئٹہ نے تیسری مرتبہ فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا ہے، سرفرازاحمد نے اپنے بولروں کو خوبصورتی سے استعمال کیا،پشاور کی ٹیم کو فائنل میں جانے کے لئے جمعرات کی فاتح ٹیم سے جمعے کو مقابلہ کرنا ہوگا،نیشنل اسٹیڈیم میں بدھ کوکھیلے گئے اس میچ میں کوئٹہ کو سخت اور اعصاب شکن مقابلے کے بعد کامیابی ملی،پشاور کی جانب سے پولارڈ اور ڈیرن سیمی نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں36گیندوں پر83رنزبناکر میچ میں اپنی ٹیم کو جیت کے نزدیک پہنچادیا، اور ایسا محسوس ہورہا تھا کہ میچ کوئٹہ کے ہاتھ سے نکل گیا ہے،آخری اوور میں پشاور کو 21رنزدرکار تھے مگر واٹسن نے پانسہ پلٹ دیا اور صرف دس رن بن سکے اور دو وکٹ بھی گر گئے،پشاور زلمی نےسات وکٹ پر 176 رنزبنائے،پولارڈ نے22گیندوں پرچھ چوکے اور ایک چھکے سے44اورڈیرن سیمی نے21گیندوں پر دو چوکے اور پانچ جان دار چھکوں سے46رنز اسکور کئے،کامران اکمل 22امام الحق23صہیب مقصود نے18 ،دائوسن نے5رنز بنائے،وہاب ریاض صفر اور حسن علی 3رنز پر ناٹ آوٹ رہے، محمد حسنین نے دو جبکہ روسو، واٹسن، احسن علی، محمد نواز نےایک ایک وکٹ لی،شین واٹسن کو مین آف دی یچ قرار دیا گیا۔