لالی ووڈ میں ان دنوں ماڈل واداکارہ ایمان علی کی شادی کے خوب چرچے ہیں۔ ایمان علی نےاپنی شادی کیلئے منفرد اور سادہ انداز اپنایا۔ نکاح کی تقریب میںایمان علی کی سادگی نے مداحوں کے دل جیت لیے۔ لیجنڈپاکستانی اداکار عابدعلی اور اداکارہ حمیراعلی کی بیٹی ایمان علی نےشریک حیات کیلئے 1965ء کی جنگ میںنمایاں کردار اداکرنے والے میجر عزیز بھٹی کے پوتے با بر علی کا انتخاب کیا۔ ایمان علی اور بابر تقریباًایک سا ل سے زائد عرصے سے ایک دوسرے کے دوست ہیں۔ویسے تو کافی عرصے سے ایمان علی کے والدین ان کی شادی کے خواہشمند تھے لیکن بابر کا انتخاب اور پھر شادی کیلئے رضامند ہونے کے اقدام نے سب کو حیران کردیا ۔ ایمان اور بابر کی شادی کی تقریبات کا آغازگزشتہ ماہ فروری میں ہوا تھا۔ تاہم سپر ماڈل نےاپنے مداحوں کو یہ خوشخبری جنوری میں انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے دے دی تھی۔ ا س پوسٹ میں ایمان علی کی جانب سے جلد شادی کا اراداہ ظاہر کیا گیا تھا۔
شادی کی تقریبات کاآغاز لاہور میں ایمان علی کے گھر منعقد مایوں کی تقریب سے ہوا، جس میںاہل خانہ کے علاوہ شوبز انڈسٹری سے ایمان علی کے خاص دوستوں فرحان سعید، عروہ حسین، ویڈنگ پلانر قاسم یارٹوانہ اور کوریوگرافرگوہر حیات سمیت دیگر احباب نے شرکت کی۔ ایمان علی نے مایوں کیلئے روایتی پیلے رنگ کے خوبصورت اور نفیس شلوار قمیض کا انتخاب کیا جبکہ جیولری کے طور پر پھولوںکا خوبصورت گہنا ان پر خاصا جچ رہا تھا۔
شادی کی تقاریب کیلئے ایمان علی کی خواہش تھی کہ وہ اس روز پیشہ ورانہ زندگی سے مختلف اپنے نیچرل انداز میں دکھائی دیں۔ یہی وجہ ہے کہ تمام تقریبات میں انھوں نے گہرے میک اَپ سے گریز کیا۔ ہر تقریب میں ایمان علی کا میک اَپ مشہور مہک اَپ آرٹسٹ شہزاد رضا نے کیا۔
ڈھولکی کی تقریب کا انعقاد بھی گھر میں ہی منعقد کیا گیا، جس میں اہل خانہ اور چند خاص افراد نے شرکت کی۔ اس تقریب کیلئے ایمان نے سی گرین اور فان کلر کا سادہ سا لباس زیب تن کیا تھا۔ اگلی تقریب مہندی کی تھی، جس میں ایمان اور بابر کے نکاح کی رسم بھی رکھی گئی۔ نکاح کی تقریب میں فرحان سعید، عروہ حسین، ثروت گیلانی، عمیر جسوال، علی ظفر اور ان کی اہلیہ، حسن شہریار اور چند دیگر خاص لوگوں نے شرکت کرکے اسے چار چاند لگادیے۔ ایمان علی نے نکاح کی تقریب کیلئے زرد رنگ کالہنگا نما غرارہ زیب تن کیا تھا جبکہ بابر بھٹی نے سفید رنگ کی شیروانی پہنی۔ اس دن یہ جوڑا سادگی میں بھی بے حد خوبصورت لگ رہا تھا۔ نکاح کے روز خوبصورت لباس میںسادہ سے میک اَپ میں ایمان علی غضب ڈھارہی تھیں۔ تقریب شروع ہونے کے بعد سب سے پہلے نکاح پڑھایا گیا اور جوڑے کی خوشگوار زندگی کے لیے دعا کی گئی۔ نکاح کے دوران ایمان علی کا چہرہ سرخ رنگ کے دوپٹے سے ڈھانپا گیا تھا۔
نکاح کے بعد مہندی کی رسم ادا کی گئی، اس دوران دولہا دلہن سمیت شوبز انڈسٹری کی معروف شخصیات نے خوب ہلّہ گلّہ اور رقص کیا۔ نکاح کے بعد ایمان علی اور ان کے شوہر بابر بھٹی نے بھی خوبصورت پرفارمنس پیش کی۔ اداکارہ نکاح کے روز روایتی دلہنوں کے برعکس اپنے دوستوں کے ہمراہ رقص اور موج مستی کرتی نظر آئیں۔
نکاح کے اگلے روز رخصتی کی تقریب تھی، جس کے متعلق ایمان علی کی جانب سے ویڈنگ پلانر قاسم یارٹوانہ کو خاص تاکید کی گئی تھی کہ رخصتی کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر نہ کی جائیں۔ ایمان علی کی جانب سے تو شادی کی کسی بھی تقریب کی تصاویرشیئر کرنے سے منع کیا گیا تھا، تاہم ان کے دوست احباب کی جانب سے رخصتی کے علاوہ تمام تر تقریبات کی تصاویر شیئر کی جاتی رہیں۔ شادی کی یہ تقریب دونوں خاندانوں کی جانب سے مشترکہ طور پر لاہور کے علاقے بیدیاں میں ایک فارم ہاؤس میں منعقد کی گئی تھی۔
25فروری کے روز ولیمے کی تقریب بھی لاہور میں منعقد کی گئی، جس کے لیے ایمان علی نے آف وائٹ گولڈن رنگ کا غرارہ اور لال رنگ کا کامدار دوپٹہ پہنا تھا جبکہ جیولری میں ایمرلڈ (زمرد)کے بھاری زیور کا انتخاب کیا گیا تھا۔ دوسری جانب بابر بھٹی نے تقریب میں بلیک تھری پیس سوٹ پہنا تھا۔ دیگر تقریبات کے برعکس ولیمے کی تقریب میں فنکاروں نے بھرپور شرکت کی، علی ظفر اور فرحان سعید نے اپنی اپنی پرفارمنس بھی پیش کی، جس پر دیگر دوستوں کے ہمراہ ایمان علی بھی رقص کرتی نظر آئیں۔