آسکر ایوارڈز کی شام کا سیلیبرٹیز کے ساتھ ساتھ ہالی ووڈ کی فلمیں دیکھنے والے دنیا بھر کے شائقین بھی بڑی بے صبری سے انتظار کرتے ہیں۔ ہالی ووڈ اداکارائیں اس تقریب کو اپنے لباس اور جیولری کے ذریعے یادگار بنانے کے لیے کئی دن پہلے سے ہی تیاریاں شروع کردیتی ہیں۔ ہر اداکارہ کی یہ کوشش ہوتی ہے کہ وہ اپنے سراپے بالخصوص لباس، جیولری اور میک اَپ کے ذریعے دوسروں کو آؤٹ کلاس کردے۔ جیولری کے لحاظ سے آسکر 2019ء کی شام بلاشبہ لیڈی گاگا کے نام رہی، جس نے 30ملین ڈالر مالیت کا ٹفانی ڈائمنڈ پہنا، لیکن اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ دیگر اداکاراؤں نے اپنے تئیں لیڈی گاگا کا مقابلہ کرنے کی کوشش نہیں کی۔ اس سال بیشتر اداکاراؤں نے ’زیادہ بھی کم ہے‘ کی فلاسفی پر عمل کرتے ہوئے ایک سے زیادہ زیورات زیبِ تن کیے، جن میں اسٹیٹمنٹ نیکلس، ایئررنگ، بریسلیٹ اور انگوٹھی قابلِ ذکر ہیں۔ کچھ اداکاراؤں نے جیولری کے لیے فلورل (گُل کاری) ڈیزائن اور کچھ نے ایکو فرینڈلی (ماحول دوست) ڈیزائن کا انتخاب کیا جبکہ بے جوڑ ایئررنگز پہننے کا فیشن بھی دیکھا گیا، جو کہ ریڈ کارپٹ کے علاوہ بھی مشہور و مقبول ہورہا ہے۔ آئیے ایک نظر ڈالتے ہیں کہ رواں سال آسکر کی تقریب میں کس اداکارہ نے کون سی جیولری کا انتخاب کیا۔
لارا ہیریئر
لارا ہیریئر نے اس سال لوئس ویٹون سے خصوصی طورپر تیار کردہ ریشمی کریب گاؤن پر بلگاری کا نیکلس زیب تن کیا۔ BlacKkKlansman میں اپنی اداکاری کے جوہر دِکھانے والی اس اداکارہ کا یہ نیکلس پلاٹینم سے تیار کردہ ہے، جس میں 33.09 قیراط کے قدیم زمرد سے کاٹے گئے 10نگینے، 18.49قیراط کے سُرخ ترملین (جوکہ ہیرے کی ایک قسم ہے) اور 4.57قیراط کے ہیرے جڑے ہوئے تھے۔
جیمی رے نیومین
فلم Skinکیلئے ’بیسٹ لائیو ایکشن شارٹ فلم‘ کا ایوارڈ حاصل کرنے والی جیمی رے نیومین نے جب ریڈ کارپٹ پر اپنے شوہر گائے ناٹیو کے ساتھ انٹری دی تو اس خوبصورت جوڑے پر سب کی نظر تھی۔ جیمی رے کا ڈیزائن کردہ سیاہ لباس اور گولڈن ایئررنگز سب کی توجہ کا مرکزبنے ہوئے تھے۔ ایئرنگز میں 6.41قیراط زمرد اور ڈائمنڈ کے چھوٹے چھوٹے 312دانے جڑے ہوئے تھے۔
چارلیز تھرون
لیڈی گاگا کے بعد بلاشبہ چارلیز تھرون نے سب سے زیاہ خوبصورت جیولری اور لباس پہن کر آسکر کی تقریب میں شرکت کی۔ وہ ریڈ کارپٹ پر بلگاری برانڈ کی360قیراط سے زائد ہیرے، نیلم اور زمرد کی بنی جیولری زیب تن کرکے جلوہ گر ہوئیں، جس میں 18قیراط سونے میں 79.83 قیراط کا ہیرے جڑا نیکلس بھی شامل ہے۔
ایمی ایڈمز
ایمی ایڈمز کا کارٹیئر برانڈ کے نیکلس کا جُھمکا (Pendant) درحقیقت 1935ء کے ہیرے اور پلاٹینم سے بناہوا وِنٹیج بروچ (Vintage Brooch) ہے، جسے انھوں نے ریڈ کارپٹ کے لیے ہیرے کے ٹینس نیکلس کے ساتھ پہنا۔ اسی طرح میچنگ میں انھوں نے ہیرے کا بریسلٹ، ایئررنگ اور انگوٹھی پہننے کو ترجیح دی۔