ایونٹ مینجمنٹ، جاب مارکیٹ میں تیزی سے جگہ بناتا ایک اہم شعبہ ہے، جسے مقبولیت کی سند گزشتہ چند برسوں میں حاصل ہوئی ہے۔ عصر حاضر میںشادی بیاہ کی تقریبات ہوں یا سالگرہ کی یاپھربزنس اور ایجوکیشن سیکٹر کے لیے کانفرنسز کا انعقاد، ایونٹ منیجرز کا نام فوراً ذہن میں آتاہے۔ ایک ایونٹ منیجر 5سے 10افراد کے لیے لنچ کا انتظام وانصرام سنبھالنے سے لے کرکارپوریٹ سیکٹرکے بڑے بڑے ایونٹ کی تیاریوں تک میں فعال نظر آتا ہے۔ وہ کنونشن ،فیسٹول،کانفرنسز، کارپوریٹ میٹنگ ،سیمینارز،نمائشوں اورکسی پروڈکٹ کی لانچنگ سے متعلق تمام تر انتظام وانصرام سنبھالتا ہے۔اگر آپ بھی کسی ایسے کیریئر کے خواہشمند ہیں جو بیک وقت تخلیقیت، جدت،انفرادیت ،تجربے اور دلچسپ مواقع سے بھرپور ہو تو ایونٹ مینجمنٹ کا شعبہ آپ کے لیے ایک بہترین آپشن ثابت ہوسکتا ہے۔
ایونٹ مینجمنٹ کورسز اور ڈپلومہ
ایونٹ مینجمنٹ کے کورسز کا نصاب ان تمام مرحلوں اور تکنیکی امور پر توجہ مرکوز کرتا ہے،جو کسی بھی ایونٹ کو کامیاب بنانے کے دوران عمل میں لائے جائیں۔ اس دوران طالب علموں کو کسی بھی ایونٹ کی منصوبہ بندی سے لے کر، بجٹ بنانے اورشرکاء کی پسند وناپسند سے متعلق تمام تر معلومات فراہم کی جاتی ہیں ۔ دنیا بھر (بشمول پاکستان )کے مختلف اداروںمیں ایونٹ مینجمنٹ کا کورس بطور نصاب پڑھایا جاتا ہے جبکہ کورس کی فیس اور معیار منتخب کیے گئے تعلیمی اداروں پر منحصر ہوتا ہے۔ ملک بھر میں مخصوص تربیتی اداروں کی کمی نہیں، ان اداروں کی جانب سے پیش کردہ ڈگری یا سرٹیفکیٹ ریگولیٹری باڈیز کی جانب سے منظور شدہ ہوتے ہیں۔ اس شعبہ میںکامیای سے قدم رکھنے کیلئے آپ کو اس فیلڈ میں مخصوص تعلیم حاصل کرنا ضروری ہے مثلاً آپ کو کسی اچھی یونیورسٹی سے ایچ آر، مارکیٹنگ یا پھر ہوسپٹیلیٹی میں گریجویٹ یا انڈر گریجویٹ ہونا ضروری ہے۔ پاکستان میں بیشتر یونیورسٹیاں اور ادارے ایسے ہیں جو طلبا کو مختلف مدت کے ایونٹ مینجمنٹ شارٹ کورسز اور ڈپلومہ کورسزآفرکرتے ہیں۔ ہر کورس کی فیس ،معیار اور مدت ہر تعلیمی ادارے میں مختلف ہوتا ہے مثلاًکہیں دو سالہ ،تین سالہ یا پھر چار سالہ ۔اسی طرح ایونٹ مینجمنٹ کورسز کے دوران طلبہ جو کورس کی فیس اور نصاب سے متعلق معلومات کے لیے مخصوص ادارے سے رابطہ کرنا ضروری ہے۔
ایونٹ مینجمنٹ کورسز کا نصاب جن خاص اور بنیادی مضامین پر مشتمل ہوتا ہے، ان میں ایونٹ پالیسی اور حکمت عملی،پروجیکٹ مینجمنٹ ،ایونٹ مینجمنٹ ،کریئیٹو تھنکنگ اینڈ انوویشن ،کمرشل ماڈلنگ فار ایونٹس جیسے مضامین شامل ہیں۔
ایک ایونٹ منیجر چونکہ کوئی عام فرد نہیں ہوتا بلکہ ایک تخلیقی انسان ہوتا ہے، جو اپنی ملٹی ٹاسکنگ صلاحیتوں اور نت نئے آئیڈیاز کی بدولت ایک عام سے ایونٹ کو بھی کامیاب ایونٹ میں تبدیل کردیتا ہے۔ یہ صلاحیت ایونٹ مینجمنٹ کے دوران پڑھے گئے نصاب کی بدولت ممکن ہوپاتی ہے۔ ان کورسز کے دوران طلبا کو سکھایا جاتا ہے کہ کس طرح کسی تقریب کے لیےکرئیٹو تھیم اور فارمیٹ تیار کیے جائیں ؟ہر طبقہ فکر کے لوگوں کے ساتھ مؤثر ابلاغ کیسا ہونا چاہیے؟ ڈیڈ لائن سے قبل تمام انتظامی امور کی انجام دہی کس طرح ممکن بنائی جائے؟وغیرہ وغیرہ۔ ان کورسز کے بعدآپ کاروبار یا ملازمت کرسکتے ہیں جبکہ اس فیلڈ میں قدم رکھنے والے طالب علموں کیلئےدیگر شعبہ جات کی طرح اس شعبہ میں بھی پڑھائی کے دوران انٹرن شپ کے خاصے مواقع موجود ہیں ۔
ایونٹ مینجمنٹ میں کیریئر
بیرون ممالک میں ایونٹ مینجمنٹ کی بات کی جائے تو وہاںاس شعبہ میں تعلیم یافتہ اورپروفیشنل حضرات کی کمی نہیںلیکن پاکستان میں صورتحال کچھ مختلف ہے۔ ہمارے یہاں اس شعبے میں پیشہ ورانہ افرادکی خاصی کمی پائی جاتی ہےلیکن مستقبل میں تبدیلی متوقع ہے، خاص طور پر خواتین کے لیے ،کیونکہ یہ شعبہ خواتین کے لیے ایک بہترین انتخاب ثابت ہوسکتا ہے۔ ماضی کے برخلاف اس شعبہ میں خواتین کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے اور ہونا بھی چاہیے کیونکہ خواتین مردوں کی بنسبت تخلیق ، جدت اور انفرادیت کا دگنا امتزاج رکھتی ہیں اور یہی وہ خاص مہارتیں ہیں جو اس شعبے کی بنیاد تسلیم کی جاتی ہیں۔اس شعبہ میںشارٹ کورسز اور ڈپلومہ کورسز طالب علموں کے لیے مندرجہ ذیل ملازمتوں کے دروازے کھول دیتے ہیں۔
ایونٹ پلانر: ایک ایونٹ پلانر کانفرنس سے لے کر میٹ گالاز تک تمام تقریبات کا انتظام وانصرام سنبھال سکتا ہے۔
ویڈنگ پلانر: ویڈنگ پلاننگ کی صنعت موجودہ دور میں ایک کامیاب صنعت کی شکل اختیار کرگئی ہے۔ سیلیبرٹیز سے لے کر متوسط طبقے کے افراد بھی شادی کی تمام تر رسومات کا انتظام وانصرام ویڈنگ پلانر کے سپر د کردیتے ہیں، جو دلہا دلہن کے کپڑوں سے لے کر میرج سرٹیفکیٹ تک کا سارا انتظام دیکھتا ہے۔
کیٹرنگ سروس منیجر: اگر آپ کھانے کے شوقین ہیں تو کیٹرنگ سروس منیجر ایک بہترین پیشہ ہے، جس میں منیجر تقریبات میں کھانے کا انتظام وانصرام دیکھتا ہے ۔
اس کے علاوہ آپ کمیونیکیشن منیجر،ایونٹ سوشل میڈیا کوآرڈینیٹر، اسپانسرشپ کوآرڈینیٹر جیسے پیشوں میں بھی کیریئر بناسکتے ہیں ۔