فرانس کے بعد برطانیہ کیلئے پاکستان کی قومی ائیر لائن پی آئی اے کی پروازوں کی بحالی پر تارکین وطن میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
برطانوی حکومت کی طرف سے عائد کردہ پابندیاں طویل عرصہ بعد ختم کی گئی ہیں۔
سابق وزیراعظم عمران خان کے دور حکومت میں کراچی طیارہ حادثہ کے بعد 2020 میں پی آئی اے پر وزیر ہوابازی چوہدری غلام سرور کی طرف سے ایک تہائی کمرشل پائلٹس کی بوگس ڈگریوں کے انکشاف بعد برطانیہ اور یورپی ممالک کی طرف سے پی آئی اے پر پابندیاں عائد کر دی گئی تھیں۔
کئی سال تک تارکین وطن دیگر ایئر لائنز کے ہاتھوں بلیک میل ہو کر بھاری بھرکم اور منہ مانگی فیس ادا کرنے پر مجبور رہے‘ حکومت پاکستان پابندیوں کے خاتمے کیلئے طویل عرصہ سے کوشاں تھیں ‘ گزشتہ برس نومبر میں یورپی یونین کی طرف سے پروازوں پر عائد پابندی اٹھالی گئی تھی اب برطانیہ نے بھی فلائٹس کی اجازت دیدی ہے۔
برطانوی ہائی کمیشن کا کہنا ہے کہ 14اگست سے سروس دوبارہ بحال ہونگی‘ پاکستانی ایئر لائنز اب برطانیہ کے لیے پروازوں کی درخواست دے سکتی ہے تاہم ایئر لائنز کو پروازوں کے لیے یو کے سی اے اے سے اجازت لینا ہوگی۔