برطانوی ہوم آفس نے حفاظتی خدشات کے پیش نظر غیر قانونی کارکنان کو روکنے میں مدد کیلئے تارکین وطن کے ہوٹلوں کے ڈیٹا کی فراہمی کی درخواست کو رد کر دیا۔
ہوم آفس پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس نے پناہ گزینوں کے ہوٹلز کی جگہ کھانے کی ترسیل کرنیوالی کمپنیوں کے ساتھ شیئر کرنے سے انکار کر کے غیر قانونی طور پر کام کرنیوالے تارکین وطن کیخلاف کریک ڈاﺅن کی کوششوں کو نقصان پہنچایا ہے۔
ڈیلیورو نے کہا ہے کہ ہوم آفس سے ہوٹل کے پتے مانگے ہیں تاکہ وہ ان پتوں سے استعمال ہونے والے اپنے رائڈر اکاؤنٹس کو بلاک کر سکے مگر سرکاری ملازمین نے ہوٹل کے مکینوں کے لیے حفاظتی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے درخواست کو بلاک کردیا۔
ڈیلیوری فرموں بشمول ڈیلیورو کو پناہ کے متلاشیوں کے غیر قانونی کام کو روکنے کے لیے اضافی اقدامات کرنے کے لیے کہا گیا ہے، گزشتہ مہینے یہ بات سامنے آئی تھی کہ ٹیکس دہندگان کی مالی اعانت سے چلنے والے اسائلم ہوٹلوں میں رہنے والے تارکین وطن بشمول چھوٹی کشتی کے ذریعے آنے والے مہاجرین برطانیہ میں داخل ہونے کے چند گھنٹوں کے اندر فاسٹ فوڈ ڈلیوری سواروں کے طور پر کام حاصل کر نے میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔
دوسری طرف شیڈو ہوم سیکرٹری کرس فلپ نے کہا کہ انہیں پناہ کے متلاشی افراد کے قواعد کی خلاف ورزی کے ثبوت ملے ہیں جو انہیں کام کرنے سے روکتے ہیں جبکہ ان کے دعوے پر ہوم آفس موثر کارروائی کرتا ہے۔